ملک بھر میں پری مون سون سیزن جاری ہے، اور محکمہ موسمیات نے 25 جون تک وقفے وقفے سے بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔
اسلام آباد، مری، گلیات، خیبرپختونخوا اور کشمیر کے کئی مقامات پر آج بھی گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش متوقع ہے، جبکہ جنوبی پنجاب، سندھ اور بلوچستان کے بعض اضلاع میں شدید گرمی اور گرد آلود ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔
وفاقی دارالحکومت اور گردونواح میں رات گئے موسلادھار بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا، تاہم حبس کی شدت بدستور برقرار ہے۔ اسلام آباد کے سیدپور میں 27 ملی میٹر جبکہ راولپنڈی کے شمس آباد میں 15 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
واسا حکام کے مطابق راولپنڈی میں رین ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے، نالہ لئی میں پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے، جبکہ نشیبی علاقوں میں عملہ اور نکاسی آب کی مشینری تعینات کردی گئی ہے۔
مزید پڑھیں: پری مون سون نے گرمی کا زور توڑ دیا، موسم خوشگوار مزید بارشوں کی پیشگوئی
پنجاب، بلوچستان میں گردآلود ہوائیں، خیبرپختونخوا میں بارش کی امید
محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب کے اضلاع مری، گلیات، راولپنڈی، اٹک، تلہ گنگ، چکوال اور جہلم میں گرج چمک اور آندھی کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ جنوبی پنجاب کے شہروں ملتان، بہاولپور، ڈی جی خان، بہاولنگر میں آندھی اور تیز جھکڑ چلنے کی پیش گوئی ہے۔ بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور گردآلود ہوائیں چلنے کی توقع ہے۔
خیبرپختونخوا کے کچھ اضلاع میں بارش، باقی علاقوں میں شدید حبس
خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور حبس زدہ رہے گا، تاہم سوات، ایبٹ آباد، مانسہرہ، دیر، ہری پور، مالاکنڈ میں چند مقامات پر بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
سندھ، کشمیر، گلگت بلتستان کی صورتحال
سندھ میں بھی موسم شدید گرم اور مرطوب رہے گا۔ کشمیر اور گلگت بلتستان میں گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
ندی نالوں اور ڈھلوانوں سے دور رہیں، این ڈی ایم اے
این ڈی ایم اے نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ بارشوں کے باعث مقامی ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ موجود ہے۔ عوام کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ ڈھلوانوں، ندی نالوں اور خطرناک علاقوں سے دور رہیں، جبکہ سیاحوں کو بلند وادیوں اور پہاڑی علاقوں میں غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔