وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حالیہ بیان کو نہ صرف پاکستان بلکہ پوری دنیا کے لیے ایک مثبت پیش رفت قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ صدر ٹرمپ کی جانب سے چین کو ایران سے تیل خریدنے کی اجازت کے بعد پاکستان کو علاقائی تجارت کے فروغ اور توانائی کے شعبے میں تعاون کے نئے مواقع دکھائی دے رہے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیر تجارت کا کہنا تھا کہ اس نئی صورتحال سے پورے خطے میں تجارتی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔ ایران پر عائد پابندیوں میں نرمی آنے کی صورت میں پاکستان کو ترکیہ اور یورپ تک زمینی راستوں سے تجارت میں سہولت حاصل ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں:بیلاروس کے ساتھ صنعت و تجارت میں اشتراک کے خواہاں ہیں، جام کمال
’اگر یہ ٹرانزٹ کھل جاتا ہے تو نہ صرف پاکستان ایران کے ساتھ بڑی تجارت کرسکتا ہے بلکہ پاکستان کی رسائی ترکیہ، یورپ اور روس سمیت وسط ایشیائی ریاستوں تک بنتی ہے، پابندیاں ہٹنے کی صورت میں پاکستان کو گیس کی دستیابی ممکن ہوپائے گی۔‘
وزیر تجارت جام کمال کا کہنا تھا کہ ایران پر عائد امریکی پابندیوں میں نرمی کا سب بڑا فائدہ پاکستان کو پہنچے گا، کیونکہ اس صورتحال میں پاکستان کو ایران سے گیس کی فراہمی ممکن ہوپائے گی، انہوں نے بتایا کہ پاکستان اس ضمن میں پرائسنگ فیکٹر مدنظر رکھتے ہوئے فیصلہ کرے گا۔
مزید پڑھیں:تمام ممالک سمندری راستے سے تجارت چاہتےہیں، بلوچستان تجارتی حب بن سکتاہے، جام کمال
وزیر تجارت کے مطابق ایران پر عائد امریکی پابندیاں، توانائی منصوبوں سمیت بینکنگ چینلز میسر نہ ہونے کے باعث تجارت کو بھی بری طرح متاثر کررہی ہیں، تاہم امریکی صدر کی جانب سے چین کو ایران سے تیل خریداری کی اجازت نے پاکستان کے لیے تجارت کے فروغ کے امکانات بڑھا دیے ہیں۔














