موسیٰ خیل میں 5.3 شدت کا زلزلہ، مکانات منہدم 5 افراد زخمی

اتوار 29 جون 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بلوچستان کے ضلع موسیٰ خیل میں رات گئے 5.3 شدت کے زلزلے سے کئی کچے مکانات کی دیواریں منہدم ہوگئیں، جبکہ تحصیل راڑہ شم میں ایک گھر کی چھت گرنے سے تین افراد زخمی ہوئے۔

زخمیوں میں شامل میاں بیوی کو تشویشناک حالت میں ڈیرہ غازی خان کے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ علاقے میں دیواریں گرنے کے باعث بڑی تعداد میں مال مویشی ملبے تلے دب گئے۔

دوسری جانب، حکومتِ بلوچستان کے ترجمان شاہد رند نے بتایا ہے کہ ضلع موسیٰ خیل کی تحصیل کنگری سمیت دیگر متاثرہ علاقوں میں ابتدائی امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

زلزلے کے مختلف مقامات پر مجموعی طور پر 5 افراد زخمی ہوئے ہیں، جن میں 2 کی حالت نازک بتائی گئی ہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق، سینکڑوں گھروں کو نقصان پہنچا ہے اور نقصانات کا تخمینہ لگایا جا رہا ہے۔

زلزلہ پیما مرکز کے مطابق، زلزلے کا مرکز راڑہ شم تھا اور شدت 5.3 ریکارڈ کی گئی۔ متاثرہ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ انہیں فوری امداد فراہم کی جائے تاکہ وہ متبادل رہائش کا انتظام کر سکیں۔

زلزلہ کیوں آتاہے؟

زلزلہ کیوں آتاہے؟ اس کی کیاسائنسی وجوہات ہیں، ماہرین ارضیات اس بارے میں کیاکہتے ہیں؟

زیر زمین ارضیاتی پلیٹیں یا بڑی بڑی چٹانیں جب شدید دباؤکے تحت ٹوٹتی اور سرکتی ہیں تو زمین کی سطح پر اس کے شدید اثرات  نمودارہوتے ہیں، جنہیں  زلزلے کا نام دیاجاتا ہے۔

زلزلے کا مرکزی مقام محور کہلاتا ہے جبکہ محورکے عین اوپرکے مقام کو زلزلے کا مرکز یا ایپی سنٹر کہا جاتا ہے۔

3 طرح کی لہریں زلزلے کا باعث بنتی ہیں

ماہرین کے مطابق  3 طرح کی لہریں زلزلے کا باعث بنتی ہیں جنہیں سائنس مک ویوز کہا جاتا ہے۔ انہیں پی، ایس اور ایل ویو بھی کہاجاتا ہے۔ یہ  لہریں محور سے تمام اطراف میں پھیلتی ہیں۔

زلزلے سے ہونے والے نقصان کا انحصار اس کی زیر زمین گہرائی اور شدت پرہوتاہے سطح زمین سے گہرائی جتنی کم ہوگی سطح زمین کے اوپر تباہی اتنی ہی زیادہ ہوگی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp