وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب اسپین کے شہر سیویل روانہ ہو گئے، جہاں وہ یکم جولائی سے شروع ہونے والی انٹرنیشنل کانفرنس آن فنانسنگ فار ڈویلپمنٹ میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔ 4 روزہ کانفرنس میں دنیا بھر سے پالیسی ساز، ماہرین اور رہنما پائیدار مالیاتی حکمت عملیوں اور ترقیاتی تعاون پر غور کریں گے۔
وزیر خزانہ ’قرض کے بدلے ترقی‘ کے سیشن میں مہمانِ خصوصی ہوں گے اور پاکستان کا مؤقف پیش کریں گے۔ وہ نجی کاروباروں کی مالی رسائی، کریڈٹ ریٹنگز، اور SME فنانسنگ جیسے موضوعات پر بھی کلیدی خطابات کریں گے۔
مزید پڑھیں: ملک ہڑتالوں کا متحمل نہیں ہوسکتا، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے نئے میثاق جمہوریت کی تجویز دیدی
سینیٹر اورنگزیب یونیسف کی میزبانی میں بچوں اور نوجوانوں کی مالی معاونت سے متعلق مکالمے میں بھی شرکت کریں گے۔ دورے کے دوران ان کی ملاقاتیں عالمی شخصیات سے بھی متوقع ہیں، جن میں آئی سی سی کے سیکرٹری جنرل جان ڈینٹن اور نیدرلینڈز کے نائب وزیر برائے ترقی اسٹیون کولٹ شامل ہیں۔
وزارتِ خزانہ کے مطابق، اس دورے کا مقصد پاکستان کی ترقیاتی ترجیحات، عالمی مالی تعاون، اور جدید مالیاتی حلوں میں مؤثر شراکت داری کو فروغ دینا ہے۔