وزیراعظم محمد شہباز شریف کی خصوصی ہدایت پر پاکستان ریلوے نے عوام کی خدمت کے لیے ایک بڑا فیصلہ کرلیا ہے۔ اب لگژری سیلون جو کبھی صرف وزیراعظم کے لیے مخصوص تھا، عوام کے لیے دستیاب ہوگا۔
وزیراعظم لگژری سیلون میں ہر وہ سہولت موجود ہے جس کی اب تک عوام صرف خواہش ہی کرسکتے تھے۔ 2 بیڈ رومز، اٹیچ باتھ رومز، ایل ای ڈی ٹی وی ، فریج، اوون، گیزر، مکمل کچن، ڈائننگ ٹیبل، سپلٹ اے سی، ٹی وی لاؤنج اور ٹیلی فون ایکسچینج بھی ہوگی۔
یہ بھی پڑھیے 5 اسٹار ہوٹل یا جہاز، اس سُپر لگژری جہاز کا ٹکٹ کتنے کا ہے؟
اس فیصلے سے قبل یہ ایک ایسا سفر تھا جو عام لوگوں کو صرف خواب لگتا تھا، لیکن اب وہ حقیقت بن چکا ہے۔ واضح رہے کہ پرائم منسٹر سیلون میں 10 افراد کے سونے کی جگہ بھی ہے اور یہ سیلون بلٹ پروف ہے۔
وزیراعظم لگژری سیلون میں کراچی سے لاہور تک سفر کا کرایہ 6 لاکھ روپے ہوگا جبکہ اسلام آباد سے لاہور تک سفر کرنے کی قیمت ڈیڑھ لاکھ روپے ہوگی۔
واضح رہے کہ صرف وزیراعظم کا سیلون ہی نہیں بلکہ وزیر ریلوے نے بھی اپنا سیلون عوام کے نام کردیا ہے۔ جس میں ایک بیڈ روم کے ساتھ تمام سہولیات وزیراعظم سیلون والی ہوں گی لیکن کرایہ اس سے کئی گنا کم ہوگا۔کراچی سے لاہور تک کرایہ 4 لاکھ روپے جبکہ اسلام آباد سے لاہور تک ایک لاکھ روپے ہوگا۔
یہ بھی پڑھیے پاکستان ریلوے کی کتنی ٹرینیں آؤٹ سورس کی جائینگی اور اس کا عوام کو کیا فائدہ ہوگا؟
عام مسافر اسی ریٹ پر چیئرمین ریلوے، سی ای او ریلوے اور آئی جی ریلوے کے سیلونز بھی بک کروا سکتے ہیں۔
دلچسپ امر یہ بھی ہے کہ ان تمام سیلونز میں ایک اٹینڈنٹ ہمہ وقت موجود ہوگا۔