پاکستان نے جولائی 2025 کے مہینے کے لیے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی صدارت سنبھال لی ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان یہ ذمہ داری انکساری، سنجیدگی اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی روشنی میں پوری کرے گا۔
ترجمان نے کہا کہ پاکستان کا طرزِعمل اقوام متحدہ کے مقاصد و اصولوں، بین الاقوامی قانون کے احترام اور کثیرا لجہتی تعاون کے عزم پر مبنی رہے گا۔
ترجمان نے کہا کہ پاکستان ایک ایسا ملک ہے جو ہمیشہ مکالمے اور سفارت کاری کا داعی رہا ہے، اور سلامتی کونسل میں بھی پاکستان غیر جانبدار، اصولی اور متوازن نقطۂ نظر پیش کرے گا۔ یہ مؤقف نہ صرف پاکستان کی خارجہ پالیسی اور ماضی کے تجربات سے جڑا ہے بلکہ اقوام متحدہ کے امن مشنز میں پاکستان کے کردار اور بین الاقوامی امن و سلامتی کے قیام کی کوششوں کا تسلسل ہے۔ پاکستان نے سلامتی کونسل کے جولائی پروگرام کی تیاری میں شفاف، مشاورتی اور متوازن طریقہ اختیار کیا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ ہمیں دنیا کے مختلف خطوں جیسے مشرق وسطیٰ، جنوبی ایشیا، افریقہ، یورپ اور لاطینی امریکہ میں جاری تنازعات اور ان کے انسانی اثرات کا مکمل ادراک ہے، اور ان حالات میں سلامتی کونسل کا کردار فوری، مؤثر اور قابل بھروسا ہونا چاہیے۔
مزید پڑھیں: پاکستان آئندہ ماہ سلامتی کونسل کی صدارت سنبھالے گا
پاکستان اپنی صدارت کے دوران بامقصد، تعمیری اور جامع مکالمے کو فروغ دے گا۔ تمام ایجنڈا نکات پر تمام رکن ممالک کی شرکت یقینی بنائی جائے گی اور اقوام متحدہ کے رکن ممالک کے ساتھ روابط کو مضبوط کیا جائے گا۔ پاکستان اقوام متحدہ کے رکن ممالک اور سلامتی کونسل کے درمیان پل کا کردار ادا کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔
Today, Pakistan assumes the Presidency of the UN Security Council for July 2025, during its 8th term (2025–26) as an elected member of the UNSC.
Pakistan takes on this responsibility with humility, conviction and profound commitment to the UN Charter, international law, and…
— Ishaq Dar (@MIshaqDar50) July 1, 2025
جولائی 2025 میں پاکستان کی صدارت کے دوران 2 اعلیٰ سطح اجلاس منعقد ہوں گے۔ پہلا اجلاس 22 جولائی کو ’کثیرا لجہتی تعاون اور تنازعات کے پرامن حل کے ذریعے بین الاقوامی امن و سلامتی کا فروغ‘ کے موضوع پر کھلا مباحثہ ہوگا، جبکہ دوسرا اجلاس 24 جولائی کو ’اقوام متحدہ اور علاقائی و ذیلی علاقائی تنظیموں کے مابین تعاون: اسلامی تعاون تنظیم (OIC) ‘کے عنوان سے ہوگا۔
دونوں اجلاسوں کی صدارت پاکستان کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار کریں گے، جو 23 جولائی کو فلسطین کے مسئلے پر سہ ماہی کھلے مباحثے کی صدارت بھی کریں گے۔
دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان سلامتی کونسل کے تمام رکن ممالک کے ساتھ قریبی تعاون کا منتظر ہے تاکہ بروقت اور متحدہ اقدام کو فروغ دیا جا سکے جو اقوام متحدہ کے چارٹر اور عالمی برادری کی توقعات کے مطابق ہو۔