سپریم کورٹ آف آزاد جموں و کشمیر نے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج راجا امتیاز احمد کو توہین عدالت کا مرتکب قرار دیتے ہوئے 3 دن قید کی سزا سنا دی۔ عدالت نے راجا امتیاز احمد کو کمرہ عدالت سے فوری گرفتار کرنے کا حکم بھی جاری کیا۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم آزاد کشمیر کے خلاف توہین عدالت کی درخواست سپریم کورٹ میں بھی مسترد
فیصلہ چیف جسٹس سپریم کورٹ راجا سعید اکرم خان کی سربراہی میں فل بینچ نے سنایا، جس میں کہا گیا کہ راجا امتیاز احمد نے عدالتی احکامات کی خلاف ورزی کی اور سپریم کورٹ کے وقار کو مجروح کیا۔ عدالت نے اپنے ریماکس میں کہاکہ مذکورہ جج نے منشیات کے ایک مجرم کو خلاف قانون بری کیا۔
واضح رہے کہ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج راجا امتیاز احمد نے 16 فروری 2023 کو سپریم کورٹ کے احکامات کے برخلاف منشیات کے ملزم کو بری کردیا تھا۔ ملزم کی ضمانت پہلے ہی سپریم کورٹ اور ہائیکورٹ دونوں سے مسترد ہو چکی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: عدالت نے بجلی ٹیکسز کے معاملے پر آزاد کشمیر حکومت کو 15 دن کی مہلت دے دی
عدالت کے مطابق ملزم بری ہوتے ہی ملک سے فرار ہوگیا، جبکہ سپریم کورٹ نے اپنے احکامات میں واضح کردیا تھا کہ ملزم کی دوبارہ ضمانت صرف سپریم کورٹ سے ہی لی جا سکتی ہے۔














