الیکشن کمیشن آف پاکستان کے قومی و صوبائی اسمبلیوں کی مخصوص نشستوں سے متعلق فیصلے کے بعد ہر جماعت کو ملنے والی نشستوں کی تفصیلات سامنے آ گئی ہیں۔
فیصلے کے مطابق قومی اسمبلی میں خیبرپختونخوا سے مسلم لیگ (ن) کی 2، پیپلزپارٹی کی 2 اور جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کی ایک مخصوص نشست بحال ہوئی ہے۔ اسی طرح قومی اسمبلی میں مسلم لیگ (ن)، جے یو آئی اور پیپلزپارٹی کی ایک، ایک غیرمسلم نشست بھی بحال کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد الیکشن کمیشن نے مخصوص نشستیں بحال کردیں، نوٹیفکیشن جاری
دوسری جانب خیبرپختونخوا اسمبلی میں جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کی 8، مسلم لیگ (ن) کی 6، پیپلزپارٹی کی 5 نشستیں بحال ہوئی ہیں، جبکہ عوامی نیشنل پارٹی اور پی ٹی آئی پارلیمنٹیرینز کی ایک ایک مخصوص نشست بحال ہوئی ہے۔
اسی طرح خیبرپختونخوا اسمبلی میں جے یو آئی کی 2، مسلم لیگ (ن) اور پیپلزپارٹی کی ایک، ایک غیر مسلم مخصوص نشست بھی بحال کی گئی ہے۔
پنجاب اسمبلی میں مسلم لیگ (ن) کی 21، پیپلزپارٹی، استحکام پاکستان پارٹی اور مسلم لیگ (ق) کی ایک، ایک مخصوص نشست بحال ہوئی ہے۔ اسی طرح پنجاب اسمبلی میں مسلم لیگ (ن) کی 2 اور پیپلزپارٹی کی ایک غیر مسلم نشست بحال کی گئی ہے۔
سندھ اسمبلی میں پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم پاکستان کی ایک، ایک مخصوص نشست بحال کی گئی، جب کہ پیپلزپارٹی کی ایک غیرمسلم مسلم نشست بھی بحال کی گئی ہے۔
الیکشن کمیشن کے فیصلے کے بعد مجموعی طور پر مسلم لیگ (ن) کی 43، پیپلزپارٹی کی 14، جے یو آئی کی 12 جبکہ استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی)، مسلم لیگ (ق)، عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی)، ایم کیو ایم پاکستان اور پی ٹی آئی پارلیمنٹرینز کی ایک، ایک مخصوص نشست بحال ہوئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: الیکشن کمیشن کے لیے مناسب نہیں تھا کہ سینیٹ انتخابات ملتوی کرے، بیرسٹر گوہر خان
واضح رہے کہ یہ تمام نشستیں سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں الیکشن کمیشن کی جانب سے بحال کی گئی ہیں۔