اٹک: سیلابی ریلے میں پھنسے شہری کو بچا لیا گیا، وزیراعلیٰ کی ریسکیو عملے کو شاباش

جمعرات 3 جولائی 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر مون سون کے دوران ریسکیو اداروں کی پیشگی تیاریوں نے انسانی جان بچا لی۔ اٹک کے نواحی گاؤں ماڑی کنجور کے قریب دریائے ہرو میں 45 سالہ چرواہا جانور چراتے ہوئے اچانک سیلابی ریلے کی زد میں آ گیا، تاہم ریسکیو 1122 کی مستعد ٹیم نے بروقت پہنچ کر ایک بڑی انسانی جان کا نقصان ہونے سے بچا لیا۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر علی حسین کی سربراہی میں ریسکیو ٹیم جائے وقوعہ پر پہنچی اور فوری امدادی کارروائی کا آغاز کیا۔ ماہر اور تربیت یافتہ ریسکیورز نے خطرناک پانی میں سینکڑوں فٹ نیچے جا کر پھنسے ہوئے شہری کو نہایت مہارت سے بحفاظت نکالا اور محفوظ مقام پر منتقل کیا۔ متاثرہ شخص نے اپنے بیان میں کہا کہ اللہ تعالیٰ نے نئی زندگی دی، میں وزیراعلیٰ مریم نواز شریف اور ریسکیو اہلکاروں کا دل سے شکر گزار ہوں۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ریسکیو آپریشن کی ورچوئل مانیٹرنگ خود کی، اور اٹک کی انتظامیہ اور امدادی اداروں کو بروقت اور مؤثر کارروائی پر شاباش دی۔ وزیراعلیٰ نے صوبہ بھر میں پہلے ہی مون سون کی آمد کے پیش نظر کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور ریسکیو 1122 کو ہائی الرٹ کر رکھا ہے، جس کا نتیجہ یہ واقعہ بن کر سامنے آیا جہاں ایک قیمتی انسانی جان کو بچایا جا سکا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp