پیرس: دریائے سین 102 برس بعد عوامی تیراکی کے لیے کھول دیا گیا

اتوار 6 جولائی 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پیرس کے تاریخی دریائے سین (Seine) کو 102 سال بعد پہلی بار عوامی تیراکی کے لیے کھول دیا گیا ہے۔ ہفتے کے روز 3 مقامات پر باقاعدہ سوئمنگ ایریاز کا افتتاح کیا گیا، جو ماحول دوست اقدامات میں ایک نمایاں کامیابی قرار دی جا رہی ہے۔

دریائے سین میں 1923 سے تیراکی پر پابندی عائد کی گئی تھی، جب پانی میں بیکٹیریا کی زیادتی کے باعث اسے صحت کے لیے خطرناک قرار دیا گیا تھا۔

پیرس کی موجودہ میئر این ہدالگو (Anne Hidalgo) نے اس تاریخی موقع کو گرین پالیسیوں کی کامیابی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ تیراکی کا خواب، جس پر شک کیا گیا، ہم نے پورا کر دکھایا۔ اولمپکس 2024 سے قبل پانی کو صاف کرنے کے لیے 1.6 ارب ڈالر کی لاگت سے صفائی منصوبہ مکمل کیا گیا۔ ہدالگو نے خود بھی اولمپکس سے قبل دریائے سین میں تیراکی کرکے عوام کو یقین دلایا کہ پانی اب محفوظ اور صاف ہے۔

مزید پڑھیں: جمہوریہ چیک کے ٹھنڈے پانی میں تیراکی مقابلے، نیا ریکارڈ قائم

3 مخصوص مقامات کھول دیے گئے:

ایک ایفل ٹاور کے قریب
دوسرا نوترے دام کیتھیڈرل کے پاس
تیسرا مشرقی پیرس میں
ہر مقام پر لائف گارڈز، شاورز، چینجنگ رومز اور بیٹھنے کے انتظامات موجود ہیں۔

یہ منصوبہ 1988 میں سابق صدر ژاک شیراک کے دور سے زیر غور تھا، تاہم پانی کی ناقص کوالٹی کے باعث متعدد بار ملتوی کیا گیا، حتیٰ کہ 2012 میں ایک تیراکی مقابلہ بھی منسوخ کرنا پڑا تھا۔

پانی کی صفائی کا یہ اقدام ماحولیاتی بہتری، شہری سہولتوں اور پائیدار ترقی کی علامت بن چکا ہے، اور اب پیرس کے باسیوں اور سیاحوں کو شہر کے دل میں قدرتی پانی سے لطف اندوز ہونے کا نایاب موقع فراہم کیا جا رہا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp