اداکارہ مریم نفیس نے نئی ماؤں کو وزن بڑھنے کی فکر کو نظر انداز کرنے کا مشورہ دیا ہے ان کا کہنا تھا کہ خوراک نئی ماؤں کی صحت یابی میں بہت اہم کردار ادا کرتی ہے۔ جو لوگ ڈیلیوری کے بعد کھانا چھوڑ دیتے ہیں، اُن کے بال جھڑنے لگتے ہیں۔
مریم نفیس نے حال ہی میں نجی ٹی وی کے پروگرام میں شرکت کی اور اپنے حمل اور ماں بننے کے سفر کے بارے میں کھل کر بات کی۔ ساتھ ہی انہوں نے نئی ماؤں کو مشورے بھی دیے۔
یہ بھی پڑھیں: ’ہماری دنیا اب اور بھی زیادہ حسین ہوگئی‘، مریم نفیس نے بیٹے کے ساتھ تصاویر شیئر کردیں
اداکارہ کا کہنا تھا کہ نئی مائیں جلد وزن کم کرنے کی فکر نہ کریں کیونکہ بعد میں بہت وقت ہوتا ہے اور دودھ پلانے والی ماؤں کا وزن تو ویسے ہی کم ہو جاتا ہے، جسم کو بعد میں بھی شیپ میں لایا جا سکتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ جو لوگ وزن کی کمی کے چکر میں کھانا پینا چھوڑ دیتے ہیں ان کے بال بھی جھڑنے لگتے ہیں لیکن میرے بال بھی نہیں جھڑے کیونکہ میں نے سپلیمنٹس لینا بند نہیں کیا اور ڈیلیوری کے بعد بھی کھانا نہیں چھوڑا ہمارا دن ایسے شروع ہوتا ہے کہ دوپہر کے کھانے میں کیا کھائیں گے اور رات کو کیا پکے گا؟
مریم نے بتایا کہ جب میں نے اپنی والدہ کو بتایا کہ میں اُمید سے ہوں، تو اُنہوں نے سب سے پہلے یہی کہا کہ اسے بیماری مت سمجھنا اور معمول کے مطابق زندگی گزارتے رہنا۔ انہوں نے بتایا کہ میری جم ٹرینر نے مشورہ دیا کہ وہی ورزشیں جاری رکھیں جو حمل سے پہلے کرتی تھیں، البتہ بھاری وزن اٹھانے سے گریز کریں۔ اس کے بعد میں نے یوگا، چہل قدمی، اور کام کے سلسلے میں سفر جیسی سرگرمیاں جاری رکھیں۔
یہ بھی پڑھیں: مریم نفیس کے شوہر امان احمد کس مشہور اداکارہ کے سابق داماد ہیں؟
اداکارہ نے بتایا کہ میرے شوہر کی مدد کے بغیر یہ سب آسان نہ ہوتا۔ امان ہر اپائنٹمنٹ پر میرے ساتھ گئے۔ بچے کی پیدائش کے بعد اپنے کام کے ساتھ ساتھ گھریلو کام سنبھالے اور بچے کی دیکھ بھال بھی کی مجھے کچھ کہنے کی ضرورت بھی نہیں پڑی۔
مریم نفیس کے شوہر امان نے شوہروں کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ برتن دھونا ایک طرح کا علاج ہے میں نے محسوس کیا ہے۔ بس کوئی اچھی سی موسیقی لگائیں اور برتن دھونا شروع کریں آپ گہری سوچوں میں چلے جاتے ہیں اور کئی مسائل کا حل وہیں مل جاتا ہے۔
مریم نے حمل کے دوران عوامی نظروں میں رہنے کے دباؤ پر بھی بات کی، کہا مجھے اپنا پیٹ کیوں چھپانا ہے؟ یہ بالکل قدرتی بات ہے۔ کوئی آپ سے بے حیائی پھیلانے کو نہیں کہہ رہا، لیکن یہ فخر کی بات ہے۔ اُنہوں نے بتایا کہ اس جوڑے نے اپنی حمل کی خبر اُس وقت شیئر کی جب وہ “سیف زون” میں داخل ہو چکے تھے۔