ایشیائی جونیئر اسکواش چیمپئن شپ 2025 میں پاکستان کو شاندار فتح سے ہمکنار کرنیوالے نوجوان کھلاڑی سہیل عدنان نے کور کمانڈر بہاولپور لیفٹیننٹ جنرل محمد عقیل سے ملاقات کی، اس ملاقات ان کی حالیہ تاریخی کامیابی کے اعتراف کے طور پر ہوئی، جس میں انہوں نے فائنل میں بھارتی کھلاڑی ایان دنوکا کو شکست دی۔
یہ بھی پڑھیں: ایشیئن جونیئر اسکواش چیمپیئن شپ: پاکستان نے 7 میڈلز جیت لیے، وزیراعظم کا کھلاڑیوں کو خراجِ تحسین
لیفٹیننٹ جنرل محمد عقیل نے سہیل عدنان کی کارکردگی کو قوم کا فخر قرار دیتے ہوئے ان کے جذبے، لگن اور محنت کو خوب سراہا اور ان کی بھارت کے خلاف تاریخی فتح پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی، ان کا کہنا تھا کہ نوجوان باصلاحیت کھلاڑیوں کی سرپرستی اور ان کی رہنمائی قومی ذمہ داری ہے، اور پاک فوج ایسے تمام نوجوانوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرتی رہے گی۔

اس موقع پر سہیل عدنان اور ان کے اہلِ خانہ نے پاک فوج کے تعاون اور درکار لاجسٹک سہولیات فراہم کرنے پر تشکر کا اظہار کیا۔ مزید برآں، کور کمانڈر کی ہدایت پر سہیل عدنان اور ان کے 2 بھائیوں کو بہاولپور گیریژن اسکواش کورٹ کی سہولت فراہم کی گئی ہے، جو ماضی میں بھی کئی مایہ ناز اسکواش چیمپئنز کی تربیت گاہ رہا ہے۔
یہ اقدام پاک فوج کی جانب سے نوجوانوں کو بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کے لیے تیار کرنے کے عزم کا مظہر ہے۔
مزید پڑھیں: علی سسٹرز نے کمال کر دکھایا، تینوں بہنیں آسٹریلین جونیئر اوپن اسکواش کے سیمی فائنل میں
واضح رہے کہ ایشیائی جونیئر اسکواش چیمپئن شپ 2025 کا انعقاد یکم سے 5 جولائی تک جنوبی کوریا میں ہوا، جس میں سہیل عدنان کی کارکردگی نے دنیا بھر میں سبز ہلالی پرچم کو بلند کیا۔














