پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان دسویں سیاسی مذاکرات برسلز میں منعقد ہوئے، جس میں دو طرفہ تعلقات، اہم علاقائی صورتحال اور عالمی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
برسلز میں پاکستانی سفارتخانے کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان دسویں سیاسی مذاکرات برسلز میں منعقد ہوئے، پاکستانی وفد کی قیادت سیکرہٹری خارجہ آمنہ بلوچ نے کی، جبکہ یورپی یونین کی نمائندگی ڈپٹی سیکریٹری جنرل یورپی ایکسٹرنل ایکشن سروس اولوف سکوگ نے کی۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان جوہری عدم افزودگی پر مذاکرات کا پانچواں دور مکمل، اگلا دور برسلز میں ہوگا
فریقین نے اسٹریٹجک انگیجمنٹ پلان (ایس ای پی) پر مؤثر عملدرآمد کے عزم کا اعادہ کیا۔ پاکستانی وفد نے مذاکرات کے دوران مقبوضہ کشمیر کی صورتحال، انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں، اور علاقائی امن و سلامتی پر تفصیلی بریفنگ دی۔
دونوں فریقین نے عالمی تنازعات کے پرامن حل کے لیے بات چیت اور سفارتکاری کو واحد راستہ قرار دیا، اور اس پر بات زور دیا کہ تمام مسائل بات چیت سے حل کیے جائیں۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان نے برسلز میں بھارتی وزیرخارجہ کے بیان کو سختی سے مسترد کردیا
غزہ کی صورتحال پر پاکستان اور یورپی یونین نے مشترکہ طور پر فوری جنگ بندی کی اپیل کی، جبکہ فلسطین میں دیرپا اور منصفانہ امن کے قیام کے لیے حمایت کا اعادہ بھی کیا گیا۔
مذاکرات کے اختتام پر فریقین نے ساتویں پاک۔یورپی یونین اسٹریٹجک ڈائیلاگ کے جلد انعقاد پر اتفاق کیا، تاکہ تعاون کو مزید مؤثر اور نتیجہ خیز بنایا جاسکے۔