وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال کی زیر صدارت جشنِ آزادی اور معرکہ حق کی تقریبات کے انتظامات پر اہم اجلاس منعقد ہوا۔ جس میں فیصلہ کیا گیا کہ جشن آزادی 2025 منفرد انداز اور جوش و ولولہ سے منایا جائےگا۔
یہ بھی پڑھیں: جشن آزادی، مریم نواز کا ’سادہ سا سوٹ‘ کتنے کا تھا؟
اجلاس میں وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ اور وزیر مملکت طلال چوہدری نے شرکت کی، جبکہ متعلقہ وزارتوں، آئی ایس پی آر، صوبائی حکومتوں اور شراکت دار اداروں کے اعلیٰ افسران بھی شریک ہوئے۔
اجلاس کے دوران متعلقہ وزارتوں نے معرکہ حق کی تقریبات کے لیے اپنے مجوزہ منصوبہ جات اور اقدامات پر بریفنگ دی۔
وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہاکہ آپریشن بنیان مرصوص ہماری دفاعی خودمختاری کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ یومِ آزادی اور معرکہ حق کے ذریعے دنیا کو پیغام دیں گے کہ پاکستان ترقی کی نئی بلندیوں پر گامزن ہے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ جیسے ہماری دفاعی صلاحیت ناقابلِ تسخیر ہے، ویسے ہی معیشت کو بھی ناقابلِ شکست بنائیں گے۔ قومیں عزم، ہمت اور تنظیم سے ترقی کرتی ہیں، یہی معرکۂ حق کا پیغام ہے۔
انہوں نے کہاکہ پاکستانی قوم میں ہر وہ صلاحیت موجود ہے جو کسی بھی ترقی یافتہ ملک کے شہریوں میں ہوتی ہے۔ وفاقی وزیر نے زور دیا کہ قومی ترقی کے معرکۂ حق میں ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہاکہ ہماری آزادی شہدا کی مرہون منت ہے، خراجِ عقیدت پیش کرنے کو تقریبات کا جزو بنایا جائے۔ بیرونِ ملک مقیم پاکستانی معرکہ حق اور یومِ آزادی کی تقریبات کے موقع پر دنیا بھر میں پاکستان کا مثبت امیج اجاگر کرنے میں کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ پاکستانی سفارتی مشنز جشنِ آزادی کے موقع پر طلبہ اور مقامی برادریوں کو متحرک کریں۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی نے ہائیر ایجوکیشن کمیشن کو مضمون نویسی اور فنونِ لطیفہ کے مقابلے منعقد کرانے کی ہدایت دی۔
انہوں نے کہاکہ یونیورسٹی سطح پر مضمون نویسی، تقریری مقابلے اور آرٹ گیلریز کے ذریعے نوجوانوں میں جشنِ آزادی کی اصل روح اجاگر کی جائے۔
یہ بھی پڑھیں: جشن آزادی پاکستان: مقبوضہ کشمیر اور آزاد کشمیر میں کیسے منایا جاتا ہے؟
آخر میں وفاقی وزیر نے تمام صوبائی حکومتوں کو ہدایت دی کہ تقریبات کی سیکیورٹی کو یقینی بنایا جائے۔