وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں مون سون بارشوں کے دوران ممکنہ شہری سیلاب اور نکاسی آب کے مسائل سے نمٹنے کے لیے کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (CDA) نے ہنگامی اقدامات شروع کر دیے ہیں۔ وزیر داخلہ محسن نقوی کی قیادت اور چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کی نگرانی میں ایک جامع حکمت عملی پر عملدرآمد جاری ہے۔
ترجمان سی ڈی اے کے مطابق، چیئرمین نے متعلقہ محکموں کو ہدایت دی ہے کہ وہ 24 گھنٹے الرٹ رہیں، بارش کے پانی کی مسلسل نگرانی کریں، اور شہریوں کو بروقت ریلیف فراہم کریں۔ چیئرمین محمد علی رندھاوا نے کہا کہ ہماری اولین ترجیح پیشگی اقدامات ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے فوری طور پر نمٹا جا سکے۔
سی ڈی اے کے نمایاں اقدامات:
نشیبی علاقوں میں موبائل ڈی واٹرنگ یونٹس کی تعیناتی
اہم نالوں جیسے آئی جے پی روڈ، کھنہ پل اور سیکٹر E-11 کی باقاعدہ صفائی
بارش اور نکاسی کی نگرانی کے لیے جدید مانیٹرنگ سسٹم کی تنصیب
مزید پڑھیں: سی ڈی اے حکام زرعی پلاٹ کے منتقلی کے لیے بیرون ملک کیوں جا رہے ہیں؟
ریپڈ ریسپانس ٹیمز کی تشکیل جو ہنگامی آلات سے لیس ہیں
شہریوں کی آگاہی کے لیے سوشل میڈیا اور مقامی میڈیا پر مہمات
سی ڈی اے نے شہریوں کی شکایات کے فوری ازالے کے لیے ہنگامی ہیلپ لائن 1334 اور ایک مرکزی کنٹرول روم بھی قائم کیا ہے۔
مستقبل کے منصوبے:
سی ڈی اے طویل المدتی بنیادوں پر نکاسی آب کے نظام کو جدید بنانے، بارش کے پانی کو محفوظ کرکے قابلِ استعمال بنانے، اور ماحولیاتی تحفظ کو یقینی بنانے کے منصوبوں پر بھی کام کر رہا ہے۔
مزید پڑھیں: اسلام آباد میں شدید بارش اور ژالہ باری کے بعد سی ڈی اے کا ہنگامی آپریشن جاری
انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ نالوں میں کچرا نہ ڈالیں اور کسی بھی ہنگامی صورتِحال کی فوری اطلاع متعلقہ اداروں کو دیں۔ عوامی تعاون ہی اسلام آباد کو محفوظ، صاف اور جدید شہر بنانے کی بنیاد ہے۔