پاکستان نے حالیہ ٹی 20 سیریز میں نہ صرف بنگلہ دیش کو وائٹ واش کیا بلکہ اس کامیابی کا اثر عالمی درجہ بندی پر بھی نمایاں طور پر دکھائی دیا۔
یہ بھی پڑھیں: ٹی 20 سیریز، تیسرے میچ میں پاکستان نے بنگلہ دیش کو 74 رنز سے شکست دیدی
نوجوان کرکٹرز نے شاندار انفرادی کارکردگی کے ذریعے عالمی ٹی 20 رینکنگ میں تاریخی ترقی حاصل کی ہے جس نے شائقین کے دل جیت لیے ہیں اور مستقبل کی امیدوں کو روشن کر دیا ہے۔
پاکستانی بیٹرز کی لمبی چھلانگیں
محمد حارث نے دھواں دار بیٹنگ کرتے ہوئے سیریز میں 167 رنز بنائے جن میں ایک یادگار سنچری بھی شامل تھی۔ اس کارکردگی کے نتیجے میں وہ 210 درجے چھلانگ لگا کر 30ویں نمبر پر پہنچ گئے۔ یہ ٹی 20 تاریخ میں کسی پاکستانی بیٹر کی ایک ہی اپ ڈیٹ میں سب سے بڑی بہتری شمار کی جا رہی ہے۔
حسن نواز نے بھی اپنی کلاس دکھاتے ہوئے سیریز میں 121 رنز اسکور کیے اور 57 درجے بہتری کے ساتھ 45ویں پوزیشن پر جا پہنچے۔
مزید پڑھیے: ٹی 20 کی نئی رینکنگ جاری، بابر اعظم اور محمد رضوان پیچھے رہ گئے
صاحبزادہ فرحان، جنہیں کئی برس بعد ٹیم میں موقع ملا، نے اسے ضائع نہ ہونے دیا۔ ان کی تیز رفتار اور اسٹائلش اننگز نے سب کو متاثر کیا۔ وہ رینکنگ میں 69 درجے بہتری کے ساتھ اب 52ویں نمبر پر آ گئے ہیں۔ ان کی واپسی، اعتماد اور تکنیکی مضبوطی نے ماہرین کو بھی داد دینے پر مجبور کر دیا۔
صائم ایوب نے بھی مستحکم کارکردگی دکھائی اور اب 61 ویں پوزیشن پر ہیں جبکہ سلمان علی آغا نے 42 درجے ترقی کے بعد 75ویں نمبر پر جگہ بنائی ہے۔
واضح رہے کہ بیٹنگ میں آسٹریلیا کے ٹریوس ہیڈ کی جگہ بھارت کے ابھیشیک شرما نےٹی 20 بیٹنگ رینکنگ میں ٹاپ پوزیشن حاصل کی ہے۔ ایک اوربھارتی بلے باز تلک ورما تیسرے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔
پاکستانی بولرز نے بھی طوفان بپا کردیا
عباس آفریدی نے اپنی رفتار اور لائن و لینتھ سے بنگلہ دیشی بیٹنگ کو بے بس کیا۔ اب وہ ٹی 20 بولرز کی عالمی درجہ بندی میں 19ویں نمبر پر آ گئے ہیں۔
حارث رؤف بدستور اسی رینکنگ میں شریک ہیں جس سے پاکستان کی تیز بولنگ کا تسلسل برقرار ہے۔
شاداب خان نے بطور آل راؤنڈر 10 درجے بہتری حاصل کی اور اب 14ویں پوزیشن پر فائز ہیں۔ ان کی گیند اور بیٹ دونوں میں مہارت ٹیم کے لیے انمول سرمایہ ہے۔
مزید پڑھیں: حارث رؤف ٹی 20 کرکٹ میں پچھلے 5 برسوں کے بہترین پیسر
شاہین شاہ آفریدی نے بھی ایک مستحکم مقام قائم رکھا ہے اور اب وہ 35ویں نمبر پر ہیں۔
پاکستانی کرکٹ ٹیم ایک ایسے دور میں داخل ہو رہی ہے جہاں نوجوان ٹیلنٹ نہ صرف خود کو منوا رہا ہے بلکہ عالمی سطح پر ایک سنجیدہ چیلنج کے طور پر ابھر رہا ہے۔
واضح رہے کہ نیوزی لینڈ کے جیکب ڈفی بدستور ٹاپ رینک والے T20I بولر ہیں، اس کے بعد انگلینڈ کے عادل رشید اور ہندوستان کے ورون چکر ورتی بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر ہیں۔