باجوڑ میں سیکیورٹی خدشات کے باعث تمام اسکول 8 اگست تک بند رکھنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔
خیبر پختونخوا کے ضلع باجوڑ کی تحصیل لوئی ماموند اور واڑہ ماموند میں سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ نے تمام سرکاری اسکولوں کو عارضی طور پر بند کرنے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔ اسکول بندش کا اطلاق یکم اگست سے 8 اگست 2025 تک ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: باجوڑ میں دہشتگردوں کے خلاف آپریشن، علی امین گنڈاپور کی مخالفت، ڈی سیز سے کرفیو کا اختیار واپس
ڈپٹی کمشنر باجوڑ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ بعض شرپسند عناصر کی جانب سے ممکنہ تخریبی کارروائیوں کے خطرات کے پیش نظر طلبہ، طالبات، اساتذہ اور عام شہریوں کے تحفظ کے لیے یہ اقدام اٹھایا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق چیف سیکریٹری محکمہ داخلہ و قبائلی امور خیبرپختونخوا کی منظوری سے تمام متعلقہ اداروں کو مطلع کر دیا گیا ہے، جبکہ تمام پرائیویٹ اور کمیونٹی اسکولز کو بھی اسی عرصے کے دوران بند رکھا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: خیبر پختونخوا: باجوڑ میں حالات کشیدہ، پی ٹی آئی رکن صوبائی اسمبلی کے گھر پر حملہ
ضلعی ایجوکیشن آفیسر کو ہدایت کی گئی ہے کہ عوام، اساتذہ، طلبہ و طالبات اور دیگر عملے کو مقامی سطح پر اعلانات اور دیگر ذرائع سے اس فیصلے سے آگاہ کیا جائے۔