خاتون سے بدسلوکی: سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر جرم ثابت، 50 لاکھ ڈالر ہرجانہ

بدھ 10 مئی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر خاتون صحافی سے جنسی بدسلوکی کا  جرم ثابت ہو گیا ہے۔

امریکی جیوری نے ڈونلڈ ٹرمپ کو خاتون جین کیرول سے جنسی بدسلوکی میں ملوث قرار دے دیا۔ جیوری نے ٹرمپ کو خاتون کالم نگار جین کیرول کو 50 لاکھ ڈالر ہرجانہ دینے کا حکم دے دیا۔

خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق جیوری نے اپنے فیصلےمیں کہا کہ سابق صدر ٹرمپ نے جین کیرول کی شہرت کو نقصان پہنچایا ہے، تاہم یہ واضح ہے کہ سابق صدر نے خاتون کے ساتھ جنسی زیادتی نہیں کی تھی۔ ساکھ متاثر کرنے کے عوض ڈونلڈ ٹرمپ 50 لاکھ ڈالر ہرجانہ ادا کریں گے۔

کالم نگار جین کیرول نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے 1990 کی دہائی میں ایک ڈیپارٹمنٹل اسٹور کے ڈریسنگ روم میں جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا تھا۔

جیوری کے فیصلے کے بعد کالم نگار جین کیرول نے رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ یہ میری جیت نہیں بلکہ ان تمام خواتین کی جیت ہے جنہوں نے اس طرح کی زیادتیوں کا سامنا کیا اور ان پر یقین نہیں کیا گیا۔

دوسری جانب ٹرمپ نے اس کیس کو”شرمناک” قرار دیتے ہوئے اس کی مذمت کی اور کہا میں مصنفہ اور سابق صحافی کسی جین کیرول کو نہیں جانتا۔ یہ خاتون مجھے بدنام کرنے کے لیے میری کردار کشی کررہی ہے۔

دوسری جانب ڈونلڈ ٹرمپ کے وکیل نے کہا کہ امریکی صدر فیصلے کو چیلنج کرنے کے بارے میں سوچ رہے ہیں۔ یہ مقدمہ کرمنل کورٹ کا بنتا ہے جبکہ سول عدالت نے اس پر فیصلہ سنا دیا ہے۔

چونکہ یہ ایک سول کورٹ کا مقدمہ ہے تو سابق صدر پر نہ فرد جرم عائد ہو گی اور نہ ہی قید کی سزا ہوگی، ڈونلڈ ٹرمپ صرف جرمانہ ادا کریں گے۔

یاد رہے کیرول ہی نہیں ایک درجن سے زائد خواتین سابق امریکی صدر پران سے جنسی زیادتی میں ملوث ہونے کا الزام لگا چکی ہیں۔

واضح رہے کیس کی سماعت کا آغاز 25 اپریل کو ہوا تھا تاہم وہ اس کیس کو ہتک آمیز قرار دیتے ہوئے عدالت میں پیش نہیں ہوئے تھے۔ جس پر سول کورٹ نے ان کے خلاف فیصلہ سنا دیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp