پاکستان ریپبلک پارٹی کی سربراہ ریحام خان کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کو عوامی سیاست نہیں آتی، انہیں ہر کام کی تشہیر کے لیے اپنے تصویری پوسٹرز نہیں لگوانے چاہییں۔
یہ بھی پڑھیں: عمران خان کی سابق اہلیہ ریحام خان نے سیاست میں قدم رکھ لیا، سیاسی جماعت بنانے کا اعلان
وی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ریحام خان نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور اور مریم نواز کی کارکردگی کا موازنہ کرتے ہوئے کہا کہ لگتا ہے علی امین پر بانی چیئرمین پی ٹی آئی کا کنٹرول کم ہے اس لیے وہ اچھے کام بھی کر جاتے ہیں جبکہ مریم نواز گراس روٹ سے منقطع ہیں۔
ریحام خان نے کہا کہ پاکستان میں اس وقت کوئی سیاسی جماعت نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کو لانے کے لیے پولیٹیکل انجینیئرنگ کی گئی اور میڈیا کے ذریعے اسپیس بنائی گئی۔
’صرف اچھے لوگوں کو اپنی پارٹی میں لیں گے‘
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے بہت لوگوں نے رابطہ کیا ہے لیکن ہم صرف اچھے لوگوں کو اپنی جماعت میں مشاورت کے بعد لیں گے۔
مولانا فضل الرحمان کے حوالے سے ریحام خان نے کہا کہ انہوں نے ذاتی مفاد کے لیے پی ٹی آئی سے اتحاد کرکے اپنی ہی بے عزتی کروائی۔
ان کا کہنا تھا کہ اس وقت ملک میں شوگر مافیا کا راج ہے اور غریب کا کوئی پرسان حال نہیں۔
مزید پڑھیے: ’یادِ ماضی عذاب ہے یا رب‘، ریحام خان نے دلہن بنے ماضی کی تصویر شیئر کرتے ہوئے کیا کہا؟
ریحام خان نے جہاز والوں (جہانگیر ترین) کی سیاست میں کردار پر کہا کہ انہوں نے اپنی بھی سیاست ختم کی اور جن کے لیے جہاز چلائے وہ بھی کسی حال میں نہیں ہیں۔ مزید تفصیل جانیے اس ویڈیو رپورٹ میں۔