اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے اسرائیل کو خبردار کیا ہے کہ اقوام متحدہ کے پاس معتبر اطلاعات موجود ہیں جن کے مطابق اسرائیلی افواج نے زیرِ حراست فلسطینیوں کے خلاف جنسی تشدد اور دیگر سنگین خلاف ورزیاں کی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: اسرائیل فلسطینی علاقوں سے قبضہ ختم کرے، اقوام متحدہ میں قرارداد منظور
امریکی خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق انتونیو گوتریس نے سفیر ڈینی ڈینن کو لکھے گئے خط میں کہاکہ انہیں اسرائیلی فوج اور سیکیورٹی فورسز کی جانب سے متعدد جیلوں، ایک حراستی مرکز اور فوجی اڈے میں فلسطینی قیدیوں کے ساتھ مبینہ زیادتیوں پر شدید تشویش ہے۔
سیکریٹری جنرل نے انتباہ کیاکہ اگر ان الزامات کی تصدیق ہوئی تو اقوام متحدہ اپنی اگلی رپورٹ میں اسرائیلی افواج کو جنگی جنسی تشدد کے مرتکب اداروں کی فہرست میں شامل کر سکتا ہے، کیونکہ دستاویزات میں جنسی تشدد کے بعض منظم واقعات کی نشاندہی کی گئی ہے۔
انہوں نے کہاکہ چونکہ اسرائیل نے اقوام متحدہ کے مبصرین کو متعلقہ مقامات تک رسائی نہیں دی، اس لیے منظم رجحانات یا پیٹرن کا حتمی تعین کرنا مشکل رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اسرائیل فلسطینیوں کو غزہ سے مصر میں دھکیلنا چاہتا ہے، اقوام متحدہ
انتونیو گوتریس نے اسرائیلی حکومت پر زور دیا کہ وہ فوری طور پر تمام جنسی تشدد کے واقعات کو روکنے کے لیے عملی اقدامات کرے اور اس ضمن میں ٹھوس وعدے کرے، جن میں الزامات کی تحقیقات، فوج و سیکیورٹی فورسز کے لیے واضح ہدایات و اخلاقی ضوابط اور اقوام متحدہ کے مبصرین کو بلا رکاوٹ رسائی فراہم کرنا شامل ہو۔













