پاکستانی اداکارہ و ماڈل اریبہ حبیب نے شوبز انڈسٹری کے ایوارڈز کے حوالے سے چونکا دینے والا انکشاف کیا ہے۔
احمد علی بٹ کے پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے اریبہ حبیب نے کھل کر اپنی رائے کا اظہار کیا اور بتایا کہ شوبز میں ایوارڈز اکثر خریدے جاتے ہیں۔
اریبہ حبیب نے کہا کہ جب وہ ماڈلنگ میں تھیں تو ایوارڈز ان کے لیے اہمیت رکھتے تھے لیکن اداکاری میں آنے کے بعد انہوں نے ان پر زیادہ توجہ دینا چھوڑ دی۔ ہنستے ہوئے انہوں نے کہا:
’ایوارڈز میں کیا رکھا ہے، جب پیسے ہوں گے تو خرید لوں گی۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ کئی مشہور فنکار ایسے تھے جنہوں نے درجنوں ایوارڈز جیتے مگر مالی مسائل کی وجہ سے انتہائی کسمپرسی میں زندگی گزاری۔ ان کے مطابق:
’میرے نزدیک اصل ایوارڈ میرا بینک اکاؤنٹ اور مالی تحفظ ہے، نہ کہ محض ٹرافی یا سرٹیفکیٹ۔‘
اداکارہ کے اس بیان نے ایوارڈ شوز کی شفافیت پر ایک بار پھر سوالات کھڑے کر دیے ہیں اور یہ انڈسٹری میں رائج روایتی ایوارڈ کلچر پر ایک اہم بحث کو جنم دے سکتا ہے۔













