عالمی بینک نے پیر کے روز پنجاب میں پرائمری تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے 4 کروڑ 79 لاکھ ڈالر کے گرانٹ کی منظوری دے دی، اس منصوبے کے تحت ابتدائی بچپن کی تعلیم میں توسیع، اسکول سے باہر بچوں کے دوبارہ داخلے اور اساتذہ کی معاونت کو مضبوط بنایا جائے گا۔
یہ فیصلہ ایک ماہ بعد سامنے آیا جب ہائر ایجوکیشن کمیشن اور عالمی بینک کی ٹیموں نے ’ہائر ایجوکیشن ڈویلپمنٹ ان پاکستان‘ منصوبے کے اہداف کا 12واں اور آخری جائزہ لیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں:عالمی بینک نے پاکستان کے لیے 19 کروڑ 40 لاکھ ڈالر قرض منظور کرلیا
اپنے بیان میں عالمی بینک نے کہا کہ یہ 4 کروڑ 79 لاکھ ڈالر کی گرانٹ، گلوبل پارٹنرشپ فار ایجوکیشن فنڈ کے ذریعے فراہم کی جارہی ہے تاکہ پنجاب میں لڑکوں اور لڑکیوں کی پری پرائمری اور پرائمری سطح پر شمولیت کو بڑھایا جاسکے، منصوبے کے تحت تعلیم کے شعبے کو ماحولیاتی تبدیلیوں اور ہنگامی حالات کے لیے مزید مؤثر بنایا جائے گا۔
The World Bank has approved a $47.9 million grant to enhance primary education in Punjab, focusing on early childhood schooling and enrolling out-of-school children to support over 4 million kids. #Education #Punjab https://t.co/KsnU0WN0lH
— Investify Pakistan (@investifypk) August 25, 2025
’یہ منصوبہ تقریباً 40 لاکھ بچوں کو فائدہ پہنچائے گا جن میں 80 ہزار اسکول سے باہر بچے، 30 لاکھ سے زائد محکمہ تعلیم کے اسکولوں کے طلبا، 8 لاکھ 50 ہزار غیر رسمی تعلیمی اداروں کے طلبا اور ایک لاکھ 40 ہزار خصوصی ضروریات کے حامل بچے شامل ہیں۔‘
مزید پڑھیں:عالمی بینک نے غربت کا پیمانہ بدل دیا، پاکستان میں کتنا کمانے والے غریب کہلائیں گے؟
عالمی بینک کے بیان میں مزید کہا گیا کہ 1 لاکھ سے زیادہ اساتذہ، اسکول لیڈرز، والدین اور کمیونٹی کے اراکین کو پیشہ ورانہ تربیت اور آگاہی مہمات سے فائدہ ہوگا۔
پاکستان میں عالمی بینک کی کنٹری ڈائریکٹر بولورما آنگابازر نے کہا کہ یہ منصوبہ حکومت پنجاب کے تعلیمی اصلاحاتی ایجنڈے سے ہم آہنگ ہے جو مؤثر، جواب دہ اور جامع نظام تعلیم قائم کرنے کی کوشش کر رہا ہے، منصوبہ سیکھنے کی کمی کو دور کرنے اور پنجاب میں معیاری تعلیم تک مساوی رسائی کو یقینی بنانے کے لیے نہایت اہم قدم ہے،
مزید پڑھیں:عالمی بینک تاریخی شراکت داری اور میکرو اکنامک استحکام کے لیے پاکستان کی کوششوں کا معترف
بیان میں مزید کہا گیا کہ عالمی بینک کی توجہ اُن آبادیوں پر ہے جو سب سے زیادہ کمزور ہیں، تاکہ غربت کے خاتمے اور خوشحالی کے فروغ کے اہداف کو حاصل کیا جا سکے۔

پاکستان 1950 سے عالمی بینک کا رکن ہے، جو اب تک ملک کو 48.3 ارب ڈالر سے زائد کی معاونت فراہم کر چکا ہے، بینک کے ذیلی ادارے انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن نے 1956 سے پاکستان میں تقریباً 13 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی، جو توانائی، مالی شمولیت، بنیادی ڈھانچے، صحت اور زرعی کاروبار جیسے شعبوں میں استعمال ہوئی۔
مزید پڑھیں:پاکستان میں غربت کی شرح میں اضافہ، پاور سیکٹر اقتصادی ترقی میں رکاوٹ قرار، عالمی بینک کی رپورٹ
اس وقت پاکستان میں عالمی بینک کے 54 منصوبے جاری ہیں جن کی مجموعی مالیت 15.7 ارب ڈالر ہے، جون میں، عالمی بینک نے بلوچستان کے لیے ’گریڈز-بلوچستان‘ منصوبے کے تحت 10 کروڑ ڈالر کی منظوری دی تھی، جس کا مقصد تقریباً 2 لاکھ 50 ہزار طلبا کو فائدہ پہنچانا تھا۔
















