ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر اسلام آباد ڈاکٹر راشدہ بتول نے میڈیا بریفنگ میں بتایا ہے کہ سرویکل کینسر وائرس سے بچاؤ کی ویکسینیشن مہم کا آغاز 15 ستمبر سے کیا جا رہا ہے جو 27 ستمبر تک جاری رہے گی۔
ڈاکٹر راشدہ بتول کے مطابق یہ مخصوص وائرس صرف خواتین میں پایا جاتا ہے اور اس سے بچاؤ کے لیے اب باقاعدہ ویکسین لگائی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ یہ ویکسین عام طور پر مارکیٹ میں 4 ہزار سے 8 ہزار روپے تک دستیاب ہے لیکن حکومت اس مہم میں یہ سہولت بالکل مفت فراہم کر رہی ہے۔
مزید پڑھیں: کینسر کے مریض نے 8 ماہ کی حاملہ گرل فرینڈ کو قتل کردیا
انہوں نے کہا کہ ویکسینیشن مہم کا آغاز بنیادی طور پر اسکولوں سے کیا جائے گا جہاں 9 سے 14 سال عمر کی بچیوں کو ویکسین لگائی جائے گی۔ ابتدائی طور پر یہ مہم اسلام آباد، سندھ اور آزاد کشمیر سے شروع ہوگی۔
ڈاکٹر راشدہ نے مزید بتایا کہ اب تک ایک لاکھ 15 ہزار بچیوں کا ڈیٹا موصول ہو چکا ہے اور اس کے مطابق ویکسینیشن پلان مرتب کیا جا رہا ہے۔
مزید پڑھیں:پاکستان میں بریسٹ کینسر سے بچاؤ کی ویکسین تیار، کیا اس کینسر کی شرح میں کمی ممکن ہے؟
انہوں نے کہا کہ یہ وائرس سکن ٹو سکن کانٹیکٹ، جنسی تعلقات اور بلڈ ٹرانسمیشن کے ذریعے پھیل سکتا ہے، اس لیے عوام میں اس حوالے سے شعور بیدار کرنے کی اشد ضرورت ہے۔
ڈاکٹر راشدہ بتول نے زور دیا کہ میڈیا اس اہم مہم کی تشہیر میں مثبت کردار ادا کرے تاکہ زیادہ سے زیادہ بچیوں کو اس جان لیوا مرض سے محفوظ بنایا جا سکے۔














