سیلاب متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، وزیراعلیٰ پنجاب

جمعرات 28 اگست 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ سیلاب سے ہونے والے تمام نقصانات کا ازالہ کیا جائے گا اور حکومت ہر متاثرہ شخص تک پہنچے گی،پنجاب کے عوام فکر نہ کریں، میں اور میری پوری حکومت آپ کے ساتھ کھڑی ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے دریائے راوی میں شاہدرہ کے مقام پر بڑے سیلابی ریلے کے دوران علاقے کا دورہ کیا اور صورتحال کا جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ نے ریسکیو عملے کے ہمراہ کشتی میں سوار ہو کر دریائے راوی کا معائنہ کیا اور فلڈ ریلیف کیمپ سمیت انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔

مریم نواز نے عوام کو ہدایت دی کہ وہ پانی اور سیلابی مقامات سے دور رہیں، والدین اپنے بچوں کو بھی محفوظ رکھیں تاکہ کسی قسم کا جانی نقصان نہ ہو۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب کے تمام ڈپٹی کمشنرز، سول ڈیفنس اور ریسکیو ادارے دن رات کام کر رہے ہیں اور میں ان سب کو شاباش دیتی ہوں۔ انتظامیہ کی بروقت تیاریوں اور کاوشوں سے ہزاروں زندگیاں محفوظ ہوئیں۔

یہ بھی پرھیں:سیلاب سے پنجاب میں تباہی، کئی بند ٹوٹنے سے بستیاں ڈوب گئیں، ہزاروں افراد محفوظ مقامات پر منتقل

وزیراعلیٰ نے بتایا کہ پنجاب انتظامیہ نے 50 ہزار سے زائد افراد اور ان کے مال مویشیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا۔ گجرات اور نارووال میں صورتحال انتہائی خراب تھی جبکہ سیالکوٹ میں بھی بری حالت رہی۔ اگر قبل از وقت اقدامات نہ کیے جاتے تو جانی نقصان کہیں زیادہ ہو سکتا تھا۔

شاہدرہ راوی پل پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ ہمیں اپنے انفراسٹرکچر اور ڈیمز کو مستقبل میں بہتر بنانا ہوگا۔ پانی سٹور کرنے کے  لیے مستقل سٹرکچرز بنائیں گے تاکہ ایسے حالات سے مؤثر طریقے سے نمٹا جاسکے۔

انہوں نے کہا کہ سیلاب سے نمٹنے کے لیے ابھی سے منصوبہ بندی کریں گے۔ پنجاب میں تجاوزات کے خلاف مہم جاری ہے اور دریاؤں اور ندی نالوں کی آبی گزرگاہوں کو کلیئر کیا جائے گا تاکہ پانی کے بہاؤ میں کوئی رکاوٹ نہ ہو۔

وزیراعلیٰ نے متاثرین کی مدد پر پولیس، ریسکیو اداروں اور افواجِ پاکستان کا شکریہ ادا کیا اور عوام سے اپیل کی کہ ریسکیو اور ریلیف ورک میں مکمل تعاون کریں، مریم نواز نے کہا کہ ہمارے تین بڑے دریاؤں میں پانی کا دباؤ شدید ہے اور کئی علاقے مکمل طور پر زیرِ آب آچکے ہیں، لیکن ہم ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں کہ عوام کو ریلیف دیا جائے۔

یہ بھی پڑھیں: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی وزرا کو فیلڈ میں جانے کی ہدایت

انہوں نے زور دیا کہ میں کسی پارٹی کا نام نہیں لینا چاہتی، لیکن اب ہمیں سیاست سے بالاتر ہو کر ملکی مفاد میں اہم فیصلے کرنے ہوں گے کیونکہ یہ لوگوں کی زندگیوں کا سوال ہے۔

انہوں نے کہا کہ کبھی زندگی میں راوی میں اتنا پانی نہیں دیکھا، ہمیں اپنے انفراسٹریکچر اور ڈیمز بنانے چاہئیں، کیوں کہ پانی اللہ تعالی کی نعمت ہے، جو پانی آئے اس کو نہ صرف ہمیں جمع کرنا چاہیے بلکہ اسے کھیتی باڑی کے لیے استعمال کرنا چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ مریم نواز کا پنجاب کے سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ

انہوں نے کہا کہ ڈیمز بنانا کوئی ایسا کام نہیں ہے جو راتوں رات ہوجائے، میں نے پی ڈی ایم اے اور محکمہ آبپاشی سے پلان مانگا ہے کہ اگلے سال کے لیے کوئی پائیدار منصوبہ دیں جس سے ہم سیلاب کے پانی کو بجائے اس کے کہ وہ سمندر میں جاکر ضائع ہوجائے، اس کو ہم جمع کرکے  کھیتی باڑی کے لیے استعمال کرسکیں۔

دریاؤں کے قریب تجازوات کو ختم کرنے کے حوالے سے سوال کے جواب میں وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ جس طرح پورے صوبے میں تجاوزات کے خاتمے کے لیے آپریشنز کیے گئے ہیں، اسی طرح لوگوں کی زندگیوں کو محفوظ کرنے کے لیے اور ان کے مال مویشیوں کو محفوظ بنانے کے لیے آبی گزرگاہوں پر لوگوں نے جو مسکن بنالیے ہیں، ان کا خاتمہ کیا جائے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp