پاک چین دوستی شاہراہ ریشم کی طرح دیرینہ اور مستحکم ہے، شہباز شریف

اتوار 31 اگست 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاک چین دوستی باہمی اعتماد، احترام اور پرخلوص محبت کی بنیاد پر قائم ہے، اور یہ شاہراہ ریشم کی طرح دیرینہ اور مستحکم ہے۔

تیانجن یونیورسٹی میں فیکلٹی ممبران اور طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہاکہ چین کے ساتھ مضبوط دوستی پر فخر ہے، پاکستان اور چین نے ہر مشکل میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے، غربت کے خاتمے اور مشترکہ خوشحالی کا صدر شی جن پنگ کا ویژن ہمارے لیے مشعل راہ ہے۔

یہ بھی پڑھیں: دورہ چین کے دوران وزیراعظم شہباز شریف کی کیا مصروفیات ہوں گی؟

شہباز شریف نے کہاکہ بدعنوانی اورغربت کا خاتمہ ہماری حکومت کی ترجیح ہے، ہمیں اپنے نوجوانوں کی صلاحیتوں سے استفادہ کرنا ہے،پاک چین دوستی کی مشعل اب نوجوانوں کے ہاتھ میں ہے، آئیں مل کر ترقی اور خوشحالی کا ایک نیا باب رقم کریں۔

وزیراعظم نے کہاکہ تیانجن یونیورسٹی میں موجودگی میرے لیے فخر کا باعث ہے، پہلی بار 2017 میں اس یونیورسٹی کا دورہ کیا تھا، اور پاکستانی  اور چینی طلبہ سے ملاقات کی تھی، تیانجن یونیورسٹی علم و دانش کی بہترین درسگاہ ہے، یونیورسٹی نے بہترین سائنسدان اور مفکر تیار کیے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ یونیورسٹی سے فارغ التحصیل ہونے والے طلبہ نے چین کی ترقی کے سفر میں بھرپور کردار ادا کیا ہے، مجھے پاکستان طلبہ کی بڑی تعداد دیکھ کر خوشی ہوئی ہے، 200 سے زیادہ پاکستانی طلبہ تیانجن یونیورسٹی میں زیر تعلیم ہیں۔

’میرا آپ کے لیے پیغام ہے کہ اللہ تعالیٰ نے آپ کو موقع دیا ہے اس عظیم درسگاہ سے جدید تعلیم سے آراستہ ہوں، پاکستان کا عظیم سفیر ہونے کے ناطے محنت سے تعلیم حاصل کریں، وقت کی پابندی کریں ہمیں آپ سے بڑی امیدیں وابستہ ہیں کہ آپ پاکستان کی ترقی میں بھرپور کردار ادا کریں گے۔ پاکستان اور چین کی دوستی کو فروغ دیں گے جس دوستی کی بنیاد ہماری پہلی نسلوں نے رکھی تھی۔

انہوں نے کہاکہ بہت سی تبدیلیاں بھی آتی رہی ہیں لیکن ہماری دوستی مضبوط سے مضبوط تر ہوئی ہے، ہماری منزل ایک ہے، پاک چین دوستی اور تعلقات اتنے ہی دیرینہ ہیں جتنی کہ شاہراہِ ریشم ہے، پاکستان اور چین تاریخی اور ثقافتی اعتبار سے ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں، یہ ہمارا واضح ویژن ہے کہ پاکستان اور چین کی دوستی ہمیشہ ہمیشہ قائم رہے گی۔

شہباز شریف نے کہاکہ شاہراہ قراقرم دونوں ممالک کے درمیان دوستی کا عظیم منصوبہ ہے، پاکستان مسلم دنیا کا پہلا ملک تھا جس نے عوامی جمہوریہ چین کو تسلیم کیا، 60 سال قبل بیجنگ جانے والی پہلی بین الاقوامی پرواز کراچی سے روانہ ہوئی۔

وزیراعظم نے کہا کہ عظیم شاعر مشرق علامہ محمد اقبال چینی قوم کی قابلیت اور صلاحیتوں کو جانتے تھے، شاعر مشرق نے ایک صدی قبل چین کی ترقی کی پیش گوئی کی تھی، چین اس وقت دنیا کی سب سے بڑی معیشتوں میں شامل ہے اور ہمیں بحیثیت پاکستانی اس پر فخر ہے۔

انہوں ںے کہاکہ چین نے 80 کروڑ سے زیادہ افراد کو خط غربت سے نکالا ہے، یہ ایک بہت بڑی کامیابی اور دنیا کے لیے ماڈل ہے، چین آج دنیا کی ایک بڑی معاشی و فوجی طاقت ہے، ہمیں چین کے ساتھ اپنی مضبوط دوستی پر فخر ہے، چین کے ویژنری لیڈر صدر شی جن پنگ کے مشترکہ خوشحالی کے ویژن نے دنیا کو اپنا گرویدہ کر لیا ہے، پاکستان صدر شی جن پنگ کے ویژن اور فلسفے کی مکمل حمایت کرتا ہے۔ عوام کی فلاح و بہبود چین کی حکومت کی ترجیح ہے۔

انہوں نے کہا کہ صدر شی جن پنگ  مشترکہ خوشحالی ،ترقی کے فروغ اور بدعنوانی کے خاتمے پر یقین رکھتے ہیں یہی میری پاکستان میں پالیسی ہے،میری حکومت کے خلاف ایک پیسے کی کرپشن کا الزام بھی نہیں ہے،شفافیت اوران تھک محنت قوموں کی تقدیر بدل سکتی ہے، غربت کے خاتمے اور مشترکہ خوشحالی کا صدر شی جن پنگ کا ویژن ہمارے لیے مشعل راہ ہے۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم شہباز شریف نے چینی صنعت کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دے دی

وزیراعظم نے کہاکہ چین اگر آج دنیا کی بڑی معاشی اور فوجی قوت ہے تو یہ صرف باتوں سے نہیں بلکہ عملی طریقے سے ممکن ہوا  ہے،صنعتی، زرعی، سائنس و ٹیکنالوجی اور دیگر شعبوں میں ترقی کے لئے پاکستان چین کی پیروی کر رہا ہے ۔پاکستان اور چین کی دوستی ہمالیہ سے بلند ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

ورلڈ کلچر فیسٹیول میں فلسطین، امریکا اور فرانس سمیت کن ممالک کے مشہور فنکار شریک ہیں؟

سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر بلوچستان میں انٹرنیٹ سروس معطل ’انٹرنیٹ صرف سہولت نہیں، ہمارا روزگار ہے‘

خیبرپختونخوا میں منعقدہ جرگے کے بڑے مطالبات، عملدرآمد کیسے ہوگا اور صوبائی حکومت کیا کرےگی؟

سینیٹ اجلاس کا ایجنڈا جاری، 27ویں ترمیم میں مزید ترامیم کی منظوری ایجنڈے میں شامل

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ون ڈے سیریز کے 2 میچز کا شیڈول تبدیل

ویڈیو

ورلڈ کلچر فیسٹیول میں فلسطین، امریکا اور فرانس سمیت کن ممالک کے مشہور فنکار شریک ہیں؟

بلاول بھٹو کی قومی اسمبلی میں گھن گرج، کس کے لیے کیا پیغام تھا؟

27 ویں ترمیم پر ووٹنگ کا حصہ نہیں بنیں گے، بیرسٹر گوہر

کالم / تجزیہ

کیا عدلیہ کو بھی تاحیات استثنی حاصل ہے؟

تبدیل ہوتا سیکیورٹی ڈومین آئینی ترمیم کی وجہ؟

آنے والے زمانوں کے قائد ملت اسلامیہ