خیبر پختونخوا میں آج سے انسدادِ پولیو مہم کا آغاز ہوگیا ہے، جس کے تحت مجموعی طور پر 57 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔
مشیر صحت احتشام علی کے مطابق مہم دو مرحلوں میں چلائی جارہی ہے۔ پہلے مرحلے میں 1 سے 4 ستمبر تک پشاور، مردان، صوابی، نوشہرہ، چارسدہ سمیت 16 اضلاع میں مکمل اور 3 اضلاع میں جزوی طور پر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں:پاکستان میں رواں برس پولیو کے مزید 2 کیسز رپورٹ، مجموعی تعداد 21 ہوگئی
دوسرے مرحلے میں 15 سے 18 ستمبر کے دوران بنوں، باجوڑ اور ڈیرہ اسماعیل خان ڈویژن کے 7 اضلاع میں مہم کا انعقاد ہوگا۔ مجموعی طور پر پانچ سال سے کم عمر 57 لاکھ 50 ہزار بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
مہم کے دوران 27 ہزار پولیو ٹیمیں فرائض انجام دیں گی، جبکہ ٹیموں کی حفاظت کے لیے پولیس اور دیگر اداروں کی مدد سے 40 ہزار سے زائد سیکیورٹی اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔
مزید پڑھیں:سیلابی صورتحال کے باعث پنجاب کے 9 اضلاع میں پولیو مہم مؤخر
مشیر صحت نے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ بچوں کو لازمی طور پر قطرے پلائیں اور پولیو ٹیموں سے بھرپور تعاون کریں تاکہ ملک کو پولیو جیسی موذی بیماری سے نجات دلائی جا سکے۔