پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) نے اپنے بوئنگ 777 طویل فاصلے کے طیاروں کی ضروری مینٹیننس کے باعث پاکستان سے کینیڈا کے لیے پروازیں 13 ستمبر سے 27 ستمبر 2025 تک عارضی طور پر معطل کر دی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:مقبوضہ کشمیر: پی آئی اے کے لوگو والے غبارے نے بھارتی حکام کی دوڑیں لگوا دیں
ترجمان پی آئی اے کے مطابق ایئرلائن کے 2 طویل فاصلے کے طیاروں کی تکنیکی جانچ پڑتال 3 ہفتے تک جاری رہے گی، جس میں بنیادی پرزہ جات کی تبدیلی شامل ہے۔
یہ عمل ہر 10 سال بعد لازمی قرار دیا جاتا ہے تاکہ مسافروں کے تحفظ اور بین الاقوامی ایوی ایشن معیار کی پاسداری کو یقینی بنایا جا سکے۔
پروازوں کی معطلی سے کراچی، لاہور اور اسلام آباد سے ٹورنٹو جانے والی شیڈولڈ پروازیں متاثر ہوئی ہیں۔

اس اچانک فیصلے کے باعث مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے اور متعدد نے اپنی پروازوں کی نئی تاریخیں مانگی ہیں۔
مثال کے طور پر 16 ستمبر کو کراچی سے ٹورنٹو جانے والی پرواز اب 7 اکتوبر تک ملتوی کر دی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:لاہور سے پیرس کے لیے پی آئی اے پروازیں بند، اسلام آباد آپریشن جاری رہے گا
متاثرہ مسافروں نے اپنے کاموں میں تاخیر اور دیگر مشکلات پر تشویش کا اظہار کیا ہے کیونکہ پروازوں کی معطلی کا انہیں پہلے سے کوئی اندازہ نہیں تھا۔
پی آئی اے نے وضاحت کی ہے کہ یہ فیصلہ مسافروں کی حفاظت اور طیاروں کی مکمل تیاری کو یقینی بنانے کے لیے کیا گیا ہے، خصوصاً آئندہ مہینوں میں متوقع فضائی سفر کے دباؤ کے پیش نظر۔

تاہم محدود طیاروں کی دستیابی کے باعث ایئرلائن کو بین الاقوامی اور ملکی دونوں پروازوں میں مشکلات کا سامنا ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل ڈپٹی وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اعلان کیا تھا کہ پی آئی اے برطانیہ کے لیے پروازیں ستمبر 2025 سے دوبارہ شروع کرے گی، جس کے تحت پاکستان سے مانچسٹر کے لیے ہفتہ وار تین سے چار پروازیں چلائی جائیں گی۔














