گوادر میں پانی کی فراہمی کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کے لیے شادی کور تا چوڑ ڈگار واٹر ٹرانسمیشن لائن کی بحالی کا کام آخری مراحل میں داخل ہو گیا ہے۔
ڈائریکٹر جنرل گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی (جی ڈی اے) معین الرحمان خان نے ہفتے کے روز اس منصوبے کا معائنہ کیا اور مختلف مقامات پر جاری سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔
یہ بھی پڑھیں: گوادر میں پانی کا بحران، وزیر اعلیٰ بلوچستان کے ہنگامی اقدامات کا اعلان
ڈی جی جی ڈی اے کے ہمراہ چیف انجینیئر حاجی سید محمد اور پراجیکٹ ڈائریکٹر واٹر میر جان بلوچ بھی موجود تھے۔
اس موقع پر انہیں بریفنگ دی گئی کہ شادی کور سے چوڑ ڈگار تک 83 کلومیٹر طویل مرکزی ٹرانسمیشن لائن کی بحالی تقریباً مکمل کر لی گئی ہے اور پانی کی سپلائی تجرباتی بنیادوں پر شروع کی جا چکی ہے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ چوڑ ڈگار سے 7 کلومیٹر کے فاصلے پر لائن میں ایک تکنیکی نقص سامنے آنے پر پانی کی ترسیل عارضی طور پر روک دی گئی ہے، جسے کل تک دوبارہ بحال کر دیا جائے گا۔
*شادی کور سے چوڑ ڈگار پمپنگ اسٹیشن تک پانی کے مین ٹرانسمیشن لائن کی فعالی کا کام اخری مراحل میں پہنچ گیا، ڈائریکٹر جنرل جی ڈی اے دورہ پر پہنچ گئے، ڈائریکٹر جنرل نے سوڈ ڈیم، چوڑ ڈگار تا گوادر واٹر ٹرانسمیشن لائن سمیت واٹر پروجیکٹس کے مختلف حصوں کا بھی جائزہ لیا*
گوادر، 13 ستمبر… pic.twitter.com/7ncdYKNuUm— Gwadar Development Authority (@AuthorityGwadar) September 13, 2025
معائنہ کے دوران ڈی جی جی ڈی اے نے سوڈ ڈیم کا بھی دورہ کیا، جہاں انہیں بتایا گیا کہ ڈیم میں اس وقت تقریباً ایک ماہ کے لیے پانی کا ذخیرہ موجود ہے۔
حکام نے بتایا کہ یہ پانی ایریگیشن پمپنگ سسٹم کے ذریعے جی ڈی اے پمپنگ اسٹیشن منتقل کیا جا رہا ہے، جہاں سے بڑی ہارس پاور مشینری کے ذریعے اسے سات کلومیٹر دور چوڑ ڈگار اور وہاں سے مزید 61 کلومیٹر طویل سفر طے کر کے گوادر واٹر اسٹیشن تک پہنچایا جاتا ہے۔
جی ڈی اے حکام کے مطابق شہر میں اس وقت روزانہ 30 سے 32 لاکھ گیلن پانی فراہم کیا جا رہا ہے، جبکہ چوڑ ڈگار سے گوادر سٹی تک مرکزی لائن کے راستے میں آنے والے تین یونین کونسلز کے دیہات کو بھی لاکھوں گیلن پانی روزانہ مہیا کیا جا رہا ہے۔
’شادی کور تا چوڑ ڈگار لائن کے فعال ہونے کے بعد دیگر دیہات کو بھی اس سہولت سے مستفید کیا جائے گا۔‘
ڈائریکٹر جنرل نے چوڑ ڈگار پمپنگ اسٹیشن پر بجلی اور پانی کے نظام کا بھی جائزہ لیا اور عملے کی کارکردگی کو سراہا۔
بعد ازاں انہوں نے جی ڈی اے سینٹرل پارک اور پدی زر پارک کا دورہ کیا، جہاں حالیہ دنوں میں نصب کی گئی لائٹس اور صفائی ستھرائی کے انتظامات کا معائنہ کیا۔
یہ بھی پڑھیں: گوادر شپ یارڈ کی تعمیر میں مقامی سطح پر روزگار کو مرکزی حیثیت دی جائے گی، اسحاق ڈار
ڈی جی نے پارکوں میں مزید بہتری کے لیے ہدایات جاری کیں تاکہ شہریوں کو خوشگوار اور محفوظ تفریحی ماحول فراہم کیا جا سکے۔
ماحولیات کے ڈائریکٹر رسول بخش بلوچ نے اس موقع پر پارکوں میں حالیہ اقدامات سے متعلق بریفنگ دی۔