بالی ووڈ اداکارہ تنوشری دتہ نے انکشاف کیا ہے کہ اُنہیں ریئلٹی شو ’بگ باس‘ میں شامل ہونے کے لیے 1 کروڑ 65 لاکھ روپے کی پیشکش ہوئی، تاہم انہوں نے یہ پیشکش فی الفور ٹھکرا دی۔
اداکارہ نے حال ہی میں دیے گئے ایک انٹرویو میں بتایا کہ گزشتہ 11 برس سے بگ باس کی ٹیم انہیں بار بار رابطہ کر رہی ہے، لیکن وہ کبھی بھی اس شو کا حصہ بننے کے لیے راضی نہیں ہوئیں۔ اس بار بھی بڑی رقم کی پیشکش کے باوجود انہوں نے انکار کر دیا۔
یہ بھی پڑھیے ’اپنے ہی گھر میں ہراسانی کا شکار ہوں، تنوشری دتہ کا دعویٰ
تنوشری دتہ نے کہا کہ کیا میں ایسی عورت لگتی ہوں جو محض ایک ریئلٹی شو کے لیے کسی مرد کے ساتھ ایک ہی بستر پر سو جائے؟ میں اتنی سستی نہیں ہوں، میری پرائیویسی میرے لیے قیمتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ شو میں مرد و خواتین سب ایک ہی ہال میں سوتے اور لڑتے ہیں، جو اُن کے لیے ناقابلِ قبول ہے۔ ساتھ ہی اداکارہ نے کہا کہ وہ اپنی خوراک اور توانائی کے اعتبار سے زندگی گزارتی ہیں، اس لیے ایسے ماحول میں نہیں رہ سکتیں۔
یہ بھی پڑھیے: بالی ووڈ کے بھائی جان سلمان خان نے مقبول ریئلٹی شو بگ باس کیوں چھوڑا؟
اداکارہ کے مطابق ’اگر وہ مجھے چاند کا ٹکڑا بھی دیں تو بھی میں بگ باس میں شامل نہیں ہوں گی۔ میں جانتی ہوں کہ سکون سے کام کروں تو اس سے زیادہ کما سکتی ہوں۔‘














