پشاور میں عمران خان کی رہائی کے لیے 27 ستمبر کو ہونے والے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے جلسے کی تیاریاں جاری ہیں، جس میں پارٹی رہنماؤں کے مطابق 5 لاکھ سے زائد ورکرز اور عام لوگ شرکت کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں:پشاور میں ‘ریلیز عمران خان ‘ جلسے کی تیاریاں، زمینی حقائق کیا ہیں اور کامیابی کے امکانات کتنے ہیں؟
پشاور رنگ روڈ پر کبوتر چوک کے قریب بے نظیر اسپتال کے لیے مختص گراؤنڈ میں تیاریاں کی جا رہی ہیں۔ کنٹینرز سے اسٹیج بنایا جا رہا ہے، کرسیاں لگائی جا رہی ہیں اور لائٹنگ کا بھی انتظام کیا گیا ہے۔
صوبائی وزیر برائے اعلیٰ تعلیم مینا خان آفریدی نے پولیس حکام کے ساتھ سیکیورٹی اور دیگر انتظامات کا جائزہ لیا۔
‘5 لاکھ لوگ شرکت کریں گے’
جلسہ گاہ میں وی نیوز سے بات کرتے ہوئے مینا خان آفریدی نے دعویٰ کیا کہ یہ جلسہ تاریخی ہو گا اور 5 لاکھ سے زائد لوگ شرکت کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ جلسہ عمران خان کی کال پر ہو رہا ہے اور خان کی کال پر پورا پاکستان نکلتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ وفاقی حکومت کے خاتمے کے بعد عمران خان نے اسی مقام پر جلسہ کیا تھا، جو بہت بڑا اجتماع تھا، اور 27 ستمبر کا جلسہ بھی اسی طرح بڑا اور تاریخی ہو گا۔
یہ بھی پڑھیں:پاک بھارت میچ کے دوران ’ریلیز عمران خان ‘ کا بینر فضا میں لہرانے والا کون تھا؟
ان کے مطابق پورے ملک سے ورکرز اس میں شرکت کریں گے اور قائدین آئندہ کے لیے لائحہ عمل اور عمران خان کا پیغام دیں گے۔
سرکاری سطح پر جلسے کی تیاریاں
خیبر پختونخوا میں پی ٹی آئی کی حکومت ہونے کی وجہ سے جلسے کی تیاریوں میں کسی قسم کی رکاوٹ یا مشکل نہیں ہے بلکہ سرکاری سطح پر تمام انتظامات کیے جا رہے ہیں۔ جلسہ گاہ کو صاف کرنے کے لیے سرکاری مشینری اور گاڑیاں استعمال کی جا رہی ہیں جبکہ متعلقہ ٹی ایم اے کے اہلکار بھی موجود نظر آئے۔
اس حوالے سے مینا خان آفریدی کا کہنا تھا کہ کسی بھی سیاسی تقریب کی سیکیورٹی پولیس کی ذمہ داری ہے جبکہ دیگر انتظامات پارٹی خود کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جلسہ پارٹی کے اخراجات پر ہو رہا ہے اور ورکرز خود چندہ کر کے اس میں حصہ لے رہے ہیں۔
جلسہ گاہ میں ورکرز کی آمد کا سلسلہ بھی جاری ہے جو جلسے کو کامیاب بنانے کے لیے پرامید دکھائی دیتے ہیں۔