بڑھتی ہوئی مہنگائی اور اشیائے ضرورت کی آسمان سے باتیں کرتی قیمتوں کے باوجود کوئٹہ کے شہریوں کے لیے ایک ایسی سہولت موجود ہے جو خاص طور پر متوسط طبقے کے لیے کسی نعمت سے کم نہیں۔ شہر کے وسطی علاقے مسجد روڈ پر ہر جمعے کو لگنے والا ’جمعہ بازار‘ عوام کو کم قیمت پر امپورٹڈ کپڑے فراہم کرتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کوئٹہ: ’آرٹسٹ کیفے تخلیق، مکالمے اور ثقافت کا نیا مرکز
بازار میں بند دکانوں کے چبوتروں پر مختلف ورائٹی کے مردانہ و زنانہ کپڑے دستیاب ہوتے ہیں۔
تاجروں کے مطابق ایسے کپڑے جن کی قیمت عام مارکیٹ میں 5 ہزار سے 5 ہزار روپے تک ہوتی ہے یہاں صرف 1800 سے تین ہزار روپے میں مل جاتے ہیں۔
اس بازار میں کپڑوں کی وسیع رینج موجود ہے جس میں کاٹن، مکس کاٹن، واش اینڈ ویئر، کھدر اور موسم کے لحاظ سے دیگر اقسام شامل ہیں۔
کپڑے افغانستان اور ایران سے درآمد ہوتے ہیں اسی وجہ سے ان کی کوالٹی اور ڈیزائن عوام میں خاصی مقبولیت رکھتے ہیں۔
مزید پڑھیے: کوئٹہ کے داؤد خان نے اپنی بنجر زمین کیسے آباد کی؟
بازار میں خریداروں کا رش ہر وقت لگا رہتا ہے۔ ایک خریدار نے وی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مہنگائی کے دور میں یہ جمعہ بازار ہمارے لیے کسی نعمت سے کم نہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہاں ہمیں وہ کپڑے بھی مناسب داموں میں مل جاتے ہیں جو عام دکانوں پر ہماری پہنچ سے باہر ہوتے ہیں۔
مزید پڑھیں: کوئٹہ میں کپڑے کی وہ مارکیٹ جہاں کم داموں میں سوٹ دستیاب ہیں
شہریوں کے مطابق ایسے بازار متوسط اور غریب طبقے کے لیے بڑی سہولت ہیں کیونکہ برانڈڈ اور امپورٹڈ کپڑوں کو عام شہری اپنی استطاعت کے مطابق خرید سکتے ہیں۔ دیکھیے یہ ویڈیو رپورٹ۔