بھارت کی ریاست راجستھان کے دارالحکومت جے پور میں واقع سوائی مان سنگھ (SMS) اسپتال کے ٹراما سینٹر میں اتوار کی شب لگنے والی بھیانک آگ میں کم از کم 6 نازک مریض ہلاک ہو گئے، جبکہ کئی دیگر کو زخمی حالت میں نکالا گیا۔
اسپتال کے ٹراما سینٹر انچارج ڈاکٹر انوراگ دھاکڑ کے مطابق آگ نیو رو آئی سی یو کے اسٹوریج ایریا میں شارٹ سرکٹ کے باعث بھڑکی، جہاں اس وقت گیارہ مریض زیرِ علاج تھے۔
مزید پڑھیں: مسافر وین میں آتشزدگی سے بچوں اور خواتین سمیت 11 افراد جھلس گئے
انہوں نے بتایا کہ ہلاک ہونے والوں میں 2 خواتین اور 4 مرد شامل ہیں، جن کی شناخت پنتو (سیکر)، دیلیپ، بہادر (جے پور)، شری ناتھ، رُکمِنی اور خُرمہ (بھرت پور) کے طور پر ہوئی ہے۔
ڈاکٹر دھاکڑ نے کہا کہ آگ لگنے کے بعد چودہ دیگر مریضوں کو بحفاظت دوسرے آئی سی یو میں منتقل کر دیا گیا۔
آگ لگنے سے عمارت میں گھنا دھواں بھر گیا جس سے افراتفری اور خوف کا عالم پیدا ہوگیا۔ مریضوں کے لواحقین اور عملے کے ارکان نے اپنی مدد آپ کے تحت مریضوں کو باہر نکالا۔
مزید پڑھیں: نوشکی: تیل سے بھرے ٹرک میں آگ لگنے سے دھماکا، متعدد افراد جھلس گئے
فائر بریگیڈ کے عملے نے دو گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پایا۔ اس دوران اسپتال کا قیمتی سامان، میڈیکل ریکارڈز اور آئی سی یو کے آلات جل کر راکھ ہو گئے۔
وزیرِاعظم مودی اور وزیرِاعلیٰ بھجن لال شرما نے سانحے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے، جبکہ ریاستی حکومت نے اعلیٰ سطحی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔














