چیئرمین پاکستان علماء کونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے عرب ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان ہمیشہ عقیدت اور محبت کا رشتہ رہا ہے۔
انہوں نے سعودی عرب کے اہم ترین تجارتی وفد کی آمد پر خوشی کا اظہار کیا اور اسے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات کی مضبوطی کی واضح دلیل قرار دیا۔
یہ بھی پڑھیں:2 روزہ پاک-سعودی اقتصادی مذاکرات آج سے، سرمایہ کاری کے اہم منصوبوں پر پیشرفت کا امکان
حافظ طاہر اشرفی نے کہا کہ موجودہ حالات دونوں ممالک کے تجارتی تعلقات کے لیے تاریخ کے بہترین حالات ہیں اور ایسے دورے باہمی تعاون اور اقتصادی شراکت داری کو مزید فروغ دینے کا موقع فراہم کرتے ہیں۔
سعودی مہمان کی آمد اور وفد کے مقاصد
یاد رہے کہ سعودی عرب کے اہم ترین تجارتی وفد سعودی-پاکستان جوائنٹ بزنس کونسل کے چیئر مین ایچ ایچ پرنس منصور بن محمد آل سعود کی قیادت میں پاکستان کے دورے پر ہے۔
ایچ ایچ پرنس منصور اور ان کے ہمراہ وفد پاکستانی قیادت، سینئر سرکاری عہدیداروں، چیمبرز آف کامرس اور اہم تجارتی گروپس سے ملاقاتیں کریں گے تاکہ باہمی تجارت اور سرمایہ کاری کے مواقع بڑھانے کے مختلف پہلوؤں پر بات چیت کی جا سکے۔

اس دورے سے پاکستان اور سعودی عرب کے گہرے اور برادرانہ تعلقات کے عزم کا اظہار ہوتا ہے اور یہ دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی اور سرمایہ کاری شراکت داری کو فروغ دینے کے عزم کو ظاہر کرتا ہے۔
دورے کے دوران بات چیت کا مرکزی محور تجارتی اور سرمایہ کاری سہولیات اور سعودی وژن 2030 اور پاکستان کی اقتصادی ترقی کے ایجنڈے سے ہم آہنگ اہم شعبوں میں تعاون ہوگا۔














