وائٹ ہاؤس نے کولمبس ڈے کے موقع پر جاری بیان میں کرسٹوفر کولمبس کو ’امریکی ہیرو‘ قرار دیتے ہوئے ان کے حوصلے، ایمان اور عزم کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:کیا مسلمان کرسٹوفر کولمبس سے پہلے امریکا پہنچ گئے تھے؟
بیان میں کہا گیا کہ ہم کولمبس کے غیر معمولی ورثے کو اُن بائیں بازو کے عناصر سے واپس لینے کا عزم کرتے ہیں جو اُن کی یاد کو مٹانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ امریکا کی تقریباً 10 ریاستیں کولمبس ڈے کو ’انڈیجینس پیپلز ڈے‘ یا دیگر ناموں سے مناتی ہیں، کیونکہ کولمبس کبھی شمالی امریکا نہیں پہنچے تھے بلکہ 1492 میں بہاماز میں اترے تھے۔

تاریخی طور پر کولمبس پر مقامی باشندوں کو غلام بنانے اور ان پر ظلم کے الزامات بھی عائد ہیں، جن کے باعث اسپین کے بادشاہ نے بعد میں ان سے گورنر شپ واپس لے لی تھی۔

وائٹ ہاؤس نے کہا کہ 500 سال بعد بھی ہم کولمبس کے عزم اور حوصلے سے سبق لیتے ہیں اور اپنے قومی ورثے کی حفاظت کا عہد کرتے ہیں۔










