آزاد جموں و کشمیر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات 26-2025 کا عمل مکمل ہوگیا، جس کے مطابق سینیئر قانون دان راجا آفتاب ایڈووکیٹ 241 ووٹ لے کر صدر منتخب ہوگئے۔
نتائج کے مطابق سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے الیکشن میں صدارتی امیدوار راجا آفتاب خان ایڈووکیٹ نے 241 ووٹ لے کر میدان مار لیا جبکہ مد مقابل امیدوارہ بلقیس رشید منہاس ایڈووکیٹ 177 ووٹ حاصل کر سکیں۔
دیگر عہدیداروں میں جائنٹ سیکریٹری کے لیے نوشابہ اقبال ایڈووکیٹ، سیکریٹری اطلاعات عظمیٰ شریں ایڈووکیٹ، سیکریٹری لائبریری کے عہدہ کے لیے ثمر عالم ایڈووکیٹ قبل ازیں بلا مقابلہ منتخب ہوئے۔ الیکشن بورڈ نے جملہ منتخب عہدیداروں کے ناموں کا اعلان کردیا ہے۔

نو منتخب صدر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن راجا آفتاب خان ایڈووکیٹ نے دیگر عہدیداروں کے ہمراہ دربار سہیلی سرکار پر ریلی کی صورت میں حاضری دی اور چادر بھی چڑھائی۔
انہوں نے کہاکہ وہ وکلا برادری کی فلاح و بہبود اور ریاست میں قانون کی بالادستی کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔
یاد رہے کہ راجا آفتاب ایڈووکیٹ کا تعلق مظفرآباد حلقہ پانچ کھاوڑہ کے نواحی علاقے کوٹ سے ہے، اور وہ ایک سے زیادہ بار مظفرآباد بار ایسوسی ایشن کے صدر بھی رہ چکے ہیں۔
پاکستان مسلم لیگ ن آزاد کشمیر سعودی عرب کے سابق صدر حاجی احسان دانش اور دیگر شخصیات نے راجا آفتاب خان ایڈووکیٹ کو سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کا صدر منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی ہے، اور نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔














