گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کے استعفوں پر موجود دستخط پر اعتراض کر کے استعفی واپس کر دیا۔
گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور کو مبینہ استعفوں کی تصدیق کے لیے 15 اکتوبر کو گورنر ہاؤس طلب کرلیا ہے۔
یہ بھی پڑھیے: علی امین گنڈاپور کا استعفیٰ موصول ہو چکا، منظوری تک وہ وزیراعلیٰ رہیں گے، گورنر خیبرپختونخوا
گورنر ہاؤس سے جاری خط کے مطابق، گورنر کو 8 اور 11 اکتوبر 2025 کو وزیر اعلیٰ کے دفتر سے دو استعفے موصول ہوئے ہیں جن پر غیر مشابہ اور مختلف دستخط ہیں۔
After due consideration, Chief Minister Khyber Pakhtunkhwa resignation has been returned with observation. pic.twitter.com/dAfthhTBqW
— Faisal Karim Kundi (@fkkundi) October 12, 2025
فیصل کریم کنڈی نے اپنے خط میں کہا کہ وہ فی الحال شہر سے باہر ہیں اور 15 اکتوبر کی شام پشاور واپس آئیں گے۔ لہٰذا، وزیر اعلیٰ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ 15 اکتوبر کو سہ پہر 3 بجے گورنر ہاؤس آئیں تاکہ استعفوں کی اصل حیثیت کی تصدیق کی جا سکے اور معاملہ آئین پاکستان کے مطابق نمٹایا جا سکے۔
دوسری طرف علی امین گنڈاپور نے گورنر کے اعتراض پر ردعمل دیتے ہوئے تصدیق کی کہ دونوں استعفوں پر موجود دستخط ان ہی کے ہیں۔
اس سے قبل گزشتہ دنوں گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ علی امین گنڈاپور کا استعفیٰ موصول ہو چکا ہے، تاہم اس کی منظوری تک وہ بدستور وزیراعلیٰ کے عہدے پر برقرار رہیں گے۔














