سندھ اسمبلی کے سابق اسپیکر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما آغا سراج درانی انتقال کر گئے۔ صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف نے ان کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کی سیاسی اور عوامی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
آغا سراج درانی کی سیاسی زندگی
آغا سراج درانی سندھ کی سیاست کا ایک نمایاں نام تھے۔ وہ پاکستان پیپلز پارٹی کے سرکردہ رہنماؤں میں شمار ہوتے تھے اور کئی دہائیوں تک سندھ کی سیاست میں سرگرم کردار ادا کرتے رہے۔
یہ بھی پڑھیں:آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس: اسپیکر سندھ اسمبلی کی ضمانت منظور
انہوں نے 2013 سے 2024 تک سندھ اسمبلی کے اسپیکر کی حیثیت سے خدمات انجام دیں، جب کہ مختصر مدت کے لیے وہ قائم مقام گورنر سندھ بھی رہے۔ اس سے قبل وہ صوبائی حکومت میں بلدیات سمیت مختلف وزارتوں کے قلمدان بھی سنبھال چکے تھے۔
سیاسی پس منظر اور خاندانی وراثت
آغا سراج درانی کا تعلق سندھ کے ضلع شکارپور کے گڑھی یاسین کے ایک معروف سیاسی خاندان سے تھا۔ ان کے والد آغا صدرالدین اور چچا آغا بدرالدین بھی سندھ اسمبلی کے اسپیکر رہ چکے تھے، یوں ان کے خاندان کو تین نسلوں تک اسمبلی کی صدارت کا اعزاز حاصل رہا۔

تعلیم اور ابتدائی کیریئر
انہوں نے ابتدائی تعلیم کراچی کے سینٹ پیٹرک ہائی اسکول سے حاصل کی اور سندھ مسلم لا کالج سے ایل ایل بی کی ڈگری مکمل کی۔ 1980 کی دہائی میں کچھ عرصہ وہ امریکہ میں ہارڈویئر کا کاروبار بھی کرتے رہے۔ 1988 میں وہ پیپلز پارٹی کے ٹکٹ پر پہلی بار صوبائی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے اور یوں عملی سیاست کا آغاز کیا۔
قانونی معاملات اور تنازعات
آغا سراج درانی کے سیاسی سفر کا ایک متنازعہ پہلو قومی احتساب بیورو (نیب) کے ریفرنسز بھی رہے، جن میں ان پر آمدن سے زائد اثاثہ جات اور مبینہ بدعنوانی کے الزامات لگائے گئے۔ وہ اس سلسلے میں کئی بار عدالتوں میں پیش بھی ہوتے رہے۔

آغا سراج درانی کی وفات سے سندھ کی سیاست ایک بااثر اور تجربہ کار رہنما سے محروم ہو گئی ہے۔
وزیراعظم کا سابق اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کے انتقال پر اظہارِ افسوس
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سابق اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعظم نے مرحوم کے لیے دعائے مغفرت اور لواحقین کے لیے صبر و استقامت کی دعا کی۔ ان کا کہنا تھا کہ آغا سراج درانی نے بطور اسپیکر سندھ اسمبلی اہم خدمات انجام دیں اور صوبے کی سیاست میں نمایاں کردار ادا کیا۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ آغا سراج درانی کی سیاسی اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے کی گئی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ وزیراعظم نے مرحوم کے اہلِ خانہ اور پیپلز پارٹی کے رہنماؤں سے اظہارِ تعزیت بھی کیا۔
بلاول بھٹو زرداری کا آغا سراج درانی کے انتقال پر اظہارِ افسوس
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سندھ اسمبلی کے سابق اسپیکر آغا سراج درانی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
اپنے تعزیتی پیغام میں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے آغا سراج درانی کی سیاسی و عوامی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ آغا سراج درانی کی جمہوریت کے لیے جدوجہد کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ آغا سراج درانی تحمل اور بردباری کا پیکر تھے، ان کی جدائی سے آج ایک عہد کا خاتمہ ہوا ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے مرحوم کے بلند درجات کے لیے دعا کی اور لواحقین کے لیے صبر و استقامت کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی ان کے خاندان کے دکھ میں برابر کی شریک ہے۔














