وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر ملکہ کوہسار مری کے جنگل کی حدود میں تجاوزات کے خلاف بڑا آپریشن شروع کر دیا گیا۔
پنجاب انفورسمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی کی ٹیموں نے مری میونسپل فاریسٹ کی حدود میں کارروائی کرتے ہوئے احاطہ نور خان میں قائم تجاوزات گرا دیں۔
یہ بھی پڑھیں:ملکہِ کوہسار کے جنگلات میں آگ بھڑک اٹھی، بڑے پیمانے پر درخت جل کر خاکستر
آپریشن کے دوران 450 فٹ لمبی غیر قانونی سرحدی دیوار بھی مسمار کر دی گئی۔ حکام کے مطابق غیر قانونی تعمیر شدہ دیواروں کے خلاف کارروائی کا سلسلہ آئندہ دنوں میں بھی جاری رہے گا۔
مزید بتایا گیا کہ مری میونسپل فاریسٹ کے اندر کمرشل تعمیرات کے خلاف بھی آپریشن شروع کر دیا گیا ہے، جس کا مقصد مری کے قدرتی حسن کا تحفظ اور جنگلات کو تجاوزات سے مکمل نجات دلانا ہے۔

پنجاب انفورسمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی نے عزم ظاہر کیا ہے کہ جنگل اور اس سے ملحقہ علاقوں میں ہر قسم کی غیر قانونی تعمیرات کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے گی۔
سینیئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے پنجاب انفورسمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی کی ٹیموں کو کامیاب کارروائی پر شاباش دیتے ہوئے کہا کہ قدرتی ماحول کے تحفظ کے لیے یہ اقدامات نہایت اہم ہیں۔














