وفاقی وزیر مملکت برائے داخلہ سینیٹر طلال چوہدری نے خیبرپختونخوا حکومت کے بلٹ پروف گاڑیاں واپس کرنے کے فیصلے کو غیر سنجیدہ اور بچکانہ اقدام قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ نابالغ سوچ نے پولیس افسران اور جوانوں کی جانوں کو غیر ضروری خطرات سے دوچار کر دیا ہے۔
اپنے ایک ویڈیو پیغام میں سینیٹر طلال چوہدری نے کہاکہ وفاقی حکومت اور وزارت داخلہ خیبرپختونخوا حکومت کو دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے تمام تر وسائل فراہم کر رہی ہے، اور یہ صرف دعویٰ نہیں بلکہ عملی اقدامات کے ذریعے ثابت بھی کیا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: عمران خان سے نہ ملنے دینے پر سہیل آفریدی کا عوامی تحریک شروع کرنے کا اعلان
انہوں نے کہاکہ ایسے وزیراعلیٰ جو اس نوعیت کے فیصلے کریں، ان سے نہ صرف پولیس افسران اور اہلکار بلکہ عوام کو بھی سوال کرنا چاہیے کہ جب دہشتگرد جدید اسلحے سے لیس ہیں تو پولیس کے لیے بلٹ پروف گاڑیاں نہ لینا غفلت اور نااہلی کی علامت نہیں تو اور کیا ہے۔
وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری کی اہم گفتگو https://t.co/8tdo3b1QOV
— PMLN (@pmln_org) October 20, 2025
سینیٹر طلال چوہدری کے مطابق یہ فیصلہ محض بچگانہ نہیں بلکہ انتہائی غیر دانشمندانہ اور افسوسناک ہے، جس کے باعث پولیس افسران اور جوانوں کے لیے خطرات میں اضافہ ہو گیا ہے۔
انہوں نے کہاکہ دہشتگردی کے خلاف جنگ بہرحال جاری رہے گی، اور وفاق خیبرپختونخوا پولیس سمیت تمام اداروں کو ہر ممکن سہولت اور مدد فراہم کرے گا تاکہ دہشتگردوں کا مکمل خاتمہ یقینی بنایا جا سکے۔
وزیرِ مملکت نے مزید دعویٰ کیا کہ وفاقی حکومت اب تک خیبرپختونخوا کو 600 ارب روپے سے زیادہ رقم دے چکی ہے، لیکن صوبائی حکومت اس رقم کا حساب پیش کرنے میں ناکام رہی ہے۔
ان کے بقول، خیبرپختونخوا پولیس کو عالمی معیار کی بلٹ پروف گاڑیاں دہشتگردی کے خلاف آپریشنز میں استعمال کے لیے فراہم کی گئی تھیں، جن کا مقصد پولیس اہلکاروں کا تحفظ یقینی بنانا تھا۔
طلال چوہدری نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے وفاقی حکومت کی جانب سے دی گئی بلٹ پروف گاڑیاں واپس کرنے کا فیصلہ کر کے پولیس اہلکاروں کو دہشتگردوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی کی جانب سے صوبائی پولیس کو فراہم کی گئی بلٹ پروف گاڑیاں واپس کرنے کا حکم دیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: بند کمروں میں کیے گئے فیصلے عوام پر مسلط نہیں کرنے دیں گے، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا جرگہ بلانے کا اعلان
ان کا مؤقف تھا کہ وفاق کی جانب سے دی گئی یہ گاڑیاں ناقص اور پرانی ہیں، جو خیبرپختونخوا پولیس کی توہین کے مترادف ہے، اس لیے انہیں فوراً وفاق کو واپس کر دیا جائے۔













