پاکستان کرکٹ بورڈ (PCB) نے پاکستان سپر لیگ (PSL) کی فرنچائز ملتان سلطانز کو معطل کرتے ہوئے ٹرمینیشن کا باضابطہ نوٹس جاری کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق یہ فیصلہ فرنچائز کے مالک علی ترین کی جانب سے پی سی بی پالیسیوں پر تنقید کے بعد کیا گیا ہے، جسے بورڈ نے کنٹریکٹ کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔
کنٹریکٹ کی مبینہ خلاف ورزی پر سخت کارروائی
پی سی بی کے ذرائع کے مطابق، ملتان سلطانز کو باقاعدہ سسپنشن اور ٹرمینیشن وارننگ نوٹس موصول ہو چکا ہے۔
نوٹس میں واضح کیا گیا ہے کہ اگر معاملہ خوش اسلوبی سے حل نہ ہوا، تو بورڈ پی ایس ایل کے گیارہویں ایڈیشن سے قبل فرنچائز کے نئے مالک کی تلاش کا عمل شروع کر سکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیے علی ترین کی پی ایس ایل پر کڑی تنقید، ’اب جشن نہیں، جوابدہی کی ضرورت ہے‘
پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی لیگ کے ضوابط اور معاہدے کی مکمل پاسداری کا خواہاں ہے۔ کسی بھی ٹیم یا فرنچائز کو ضوابط سے بالاتر اجازت نہیں دی جا سکتی۔
بیانات پر تنازع، فرنچائز کی شمولیت پر خدشات
ذرائع کا کہنا ہے کہ علی ترین کے حالیہ عوامی بیانات جن میں انہوں نے پی سی بی کی پالیسیوں اور فیصلوں پر تنقید کی نے تنازع کو جنم دیا۔
ان بیانات کے بعد پی سی بی نے معاملے کا جائزہ لیتے ہوئے سخت کارروائی کا فیصلہ کیا۔
یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل میں کچھ نیا کیوں نہیں ہورہا؟ علی ترین نے پی سی بی پر سوالات اٹھا دیے
ملتان سلطانز کی انتظامیہ نے تاحال اس اقدام پر کوئی باضابطہ ردعمل نہیں دیا، تاہم اندرونی ذرائع کے مطابق فرنچائز قانونی مشاورت کر رہی ہے۔
پی ایس ایل کے مستقبل پر اثرات
اس پیش رفت کے بعد پی ایس ایل کے آئندہ سیزن کے حوالے سے غیر یقینی صورتِ حال پیدا ہو گئی ہے۔
اگر تنازع برقرار رہا تو ملتان سلطانز کی لیگ میں شرکت خطرے میں پڑ سکتی ہے۔
یہ بھی پڑھیے پی سی بی میں بیٹھے سانپ فیصلے کررہے ہیں، انہیں پی ایس ایل کی فکر نہیں، علی ترین
واضح رہے کہ ملتان سلطانز پی ایس ایل کی کامیاب ترین فرنچائزز میں سے ایک ہے، جس نے 2021 میں پہلی بار ٹائٹل جیتا تھا اور حالیہ سیزنز میں بھی مسلسل فائنلز تک رسائی حاصل کی ہے۔














