پاکستان سپر لیگ یعنی پی ایس ایل کے حالیہ سیزن کے بعد علی ترین نے لیگ کے انتظامی و تجارتی پہلوؤں پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں کامیابی کے شادیانے بجانے کی کوئی گنجائش نہیں۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر پی ایس ایل کے آفیشل اکاؤنٹ کی جانب سے ایک پوسٹ میں ایچ بی ایل پی ایس ایل کی مسلسل کامیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا گیا تھا کہ اسٹیک ہولڈرز نے اس پیش رفت کو سراہتے ہوئے اپنے اطمینان کا اظہار کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل میں کچھ نیا کیوں نہیں ہورہا؟ علی ترین نے پی سی بی پر سوالات اٹھا دیے
پی ایس ایل کی اسی پوسٹ کے جواب میں ملتان سلطانز ٹیم کے مالک علی ترین نے تعریف یا سراہے جانے کے اس عمل کو ہدفِ تنقید بناتے ہوئے طنزیہ انداز میں استفسار کرتے ہوئے لکھا کہ تعریف، سنجیدہ ہیں آپ۔
Applause? You must be kidding.
📉 TV viewership is down
📉 Stadium attendance is down
📱 Social media growth has slowed
😵💫 Team logistics were shambolic
🤡 The draft was comicalAnd they want a standing ovation? 🤔
Skip the victory lap and address the slide. Fans notice.… https://t.co/S8aEYRLJuc
— Ali Khan Tareen (@aliktareen) July 3, 2025
’ایک جانب ٹی وی ناظرین کی تعداد میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی ہے، تو دوسری طرف اسٹیڈیمز کی خالی نشستیں شائقین کی دلچسپی میں مسلسل کمی کا ثبوت ہیں۔‘
علی ترین کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر پی ایس ایل کی مقبولیت کا گراف بھی نیچے جا رہا ہے، جس سے لیگ کی مارکیٹنگ اور مداحوں سے رابطے کی حکمت عملی پر سوالات کھڑے ہو گئے ہیں۔
مزید پڑھیں: پی ایس ایل میں بڑا نقصان، کیا علی ترین ملتان سلطانز کی ملکیت چھوڑ رہے ہیں؟
علی ترین نے لیگ کے ڈرافٹ سسٹم کو بھی ہدفِ تنقید بناتے ہوئے اسے ’مضحکہ خیز‘ قرار دیا اور ٹیموں کے داخلی نظم و نسق کو ’انتہائی بدنظمی کا شکار‘ کہا۔
علی ترین کا کہنا تھا کہ ایسے حالات میں پی ایس ایل کے منتظمین کو خود کو داد دینے کے بجائے شفاف تجزیے اور اصلاحی اقدامات کی طرف توجہ دینی چاہیے۔’اب فتح کے جشن کی نہیں، جوابدہی کی ضرورت ہے، شائقین سب دیکھ رہے ہیں، اور خاموش نہیں رہیں گے۔‘