پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے سینیئر رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کی موجودہ صورت حال پر تمام جماعتیں پریشان ہیں، آج زرداری ہاؤس میں ہونے والے اجلاس میں ہم نے مشاورت کی ہے، جس کے بعد ایوان صدر میں صدر زرداری کے ساتھ ہونے والی میٹنگ میں فائنل فیصلہ کیا جائےگا۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ آزاد کشمیر میں عوامی ایکشن کمیٹی کے احتجاج کے بعد پیش آنے والی صورت یقیناً سب کے لیے تشویش کا باعث ہے۔
یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر: ایکشن کمیٹی کی تحریک کا صرف تاجروں کو فائدہ، عوام کو ڈویژنز کے نام پر تقسیم کردیا
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ نمبر پورے ہوتے ہیں تو ہی حکومت بنائی جاتی ہے، سنا ہے کہ ن لیگ نے اپوزیشن میں بیٹھنے کا فیصلہ کیا ہے لیکن آفیشلی ہمیں آگاہ نہیں کیا گیا۔
واضح رہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر پارلیمانی پارٹی نے مرکزی قیادت کو تجویز دی ہے کہ آزاد حکومت سے علیحدگی اختیار کرتے ہوئے ہمیں عدم اعتماد کے ذریعے اپنا وزیراعظم لانا چاہیے، تاہم حتمی فیصلہ مرکزی قیادت کرےگی۔
دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کی قیادت نے حکومت سے علیحدگی کا اعلان کرتے ہوئے اپوزیشن بینچوں پر بیٹھنے کا فیصلہ کیا ہے، لیکن مرکزی قیادت نے اس کی حتمی منظوری نہیں دی۔ اس وقت تک پاکستان مسلم لیگ ن اور پاکستان پیپلز پارٹی انوارالحق حکومت کی اتحادی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر میں مظاہرین کے ساتھ مذاکرات دانشمندانہ فیصلہ، بھارتی ہاتھ کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا، ماہرین
آزاد کشمیر کے موجودہ وزیراعظم پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر کامیاب ہوئے تھے، تاہم بعد ازاں فارورڈ بلاک کی قیادت کرتے ہوئے وزارت عظمیٰ کے منصب تک پہنچنے میں کامیاب ہوگئے۔ ان کی حکومت کو 2 سال سے زیادہ عرصہ ہو چکا ہے۔














