وزیراعظم شہباز شریف کا جنوبی افریقہ اور پاکستان کرکٹ ٹیموں کے اعزاز میں عشائیہ

ہفتہ 25 اکتوبر 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے جنوبی افریقہ اور پاکستان کرکٹ ٹیم کے اعزاز میں عشائیہ دیا ہے۔ وزیراعظم ہاؤس میں منعقدہ تقریب میں دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں، ٹیم انتظامیہ، وفاقی وزرا اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے اعلیٰ عہدیداروں نے شرکت کی۔

اس موقع پر وزیراعظم نے جنوبی افریقہ کی ٹیم کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہا اور کہا کہ جنوبی افریقہ کے ساتھ مختلف سطحوں پر شاندار تعلقات قائم ہیں، کرکٹ بھی ان میں سے ایک مضبوط رشتہ ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں جلد فٹبال کی ترقی کے لیے جامع پلان کے نفاذ کا آغاز کریں گے، شہباز شریف

وزیراعظم نے کہا کہ جاری کرکٹ سیریز دونوں ممالک کے درمیان کھیلوں کے گہرے تعلقات اور باہمی احترام کی عکاس ہے۔ جنوبی افریقہ نے کرکٹ کے عظیم کھلاڑی پیدا کیے ہیں جبکہ پاکستانی کھلاڑیوں نے بھی اپنی کارکردگی سے ملک و قوم کا نام دنیا بھر میں روشن کیا ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ امید ہے پاکستان کرکٹ ٹیم ماضی کی طرح شاندار کھیل پیش کرے گی، انہوں نے دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

وزیراعظم نے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی صلاحیتوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کرکٹ محض ایک کھیل نہیں بلکہ یہ مختلف ممالک کے عوام کو قریب لانے کا ذریعہ ہے۔ کرکٹ بھائی چارے اور امن کو فروغ دیتا ہے، اس کھیل کی اصل روح کو برقرار رکھنا ضروری ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ثنا میر پاکستان کا فخر ہیں، کھیلوں میں خواتین کو برابر مواقع دیں گے : وزیر اعظم

وزیراعظم نے بین الاقوامی کھیلوں کے فروغ اور بڑے ایونٹس کی میزبانی کے لیے سازگار ماحول برقرار رکھنے کے پاکستان کے عزم کو بھی اجاگر کیا۔

جنوبی افریقی ٹیم کے کھلاڑیوں اور انتظامیہ نے حکومتِ پاکستان اور عوام کی گرمجوشی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سیریز ایک یادگار تجربہ رہی، اور وہ پاکستانی شائقین کی محبت اور جوش و خروش سے بہت متاثر ہوئے۔

عشائیے میں وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب، وفاقی وزیر تجارت جام کمال، وفاقی وزیر داخلہ و چیئرمین پی سی بی محسن نقوی، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ اور دیگر اعلیٰ حکام شریک تھے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp