کشمیری عوام کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے، یوم سیاہ پر اسحاق ڈار کا پیغام

پیر 27 اکتوبر 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کشمیر بلیک ڈے کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ 27 اکتوبر 1947 کا دن جنوبی ایشیا کی تاریخ کا ایک سیاہ باب ہے، جب بھارتی فوجوں نے سری نگر میں اتر کر جموں و کشمیر پر غیر قانونی قبضہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل نے اپنی متعدد قراردادوں میں واضح طور پر تسلیم کیا تھا کہ جموں و کشمیر کے حتمی فیصلے کا تعین اقوامِ متحدہ کی نگرانی میں آزادانہ اور غیر جانبدارانہ رائے شماری کے ذریعے کیا جائے گا، مگر بھارت نے ان قراردادوں کی صریح خلاف ورزی کرتے ہوئے مقبوضہ علاقے پر جبری تسلط برقرار رکھا ہے۔

یہ بھی پڑھیے: پاکستان اور چین کے تعلقات مزید مستحکم بنانے پر غور، وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت اجلاس

وزیرِ خارجہ نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ سلامتی کونسل کی قراردادوں کے احترام پر کاربند رہا ہے اور مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کے لیے عالمی برادری کے کردار کی اہمیت پر زور دیتا آیا ہے۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ بھارت کے 5 اگست 2019 کے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کے بعد سے مقبوضہ وادی میں انسانی المیہ مزید گہرا ہوا ہے۔ خصوصی حیثیت کے خاتمے، کالے قوانین کے نفاذ، غیر مقامی باشندوں کو ڈومیسائل دینے اور کشمیری قیادت کی قید و بند نے بھارتی تسلط کے اصل چہرے کو بے نقاب کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پہلگام حملے کے بعد بھارتی حکام نے ایک بار پھر کشمیریوں کے خلاف وسیع کریک ڈاؤن شروع کر دیا، ہزاروں افراد کو بلاجواز گرفتار کیا گیا اور معصوم شہریوں کے گھروں کو مسمار کیا گیا۔

نائب وزیراعظم نے کہا کہ تمام تر ظلم و ستم کے باوجود کشمیری عوام نے جرات، حوصلے اور عزم کی نئی مثالیں قائم کی ہیں اور وہ اپنے حقِ خودارادیت کے حصول کے لیے پرعزم ہیں۔

یہ بھی پڑھیے: کشمیریوں کی سیاسی اور اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے، یوم سیاہ بھرپور طریقے سے منایا جائے گا، امیر مقام

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ کشیدگی اس حقیقت کو اجاگر کرتی ہے کہ بھارتی ہٹ دھرمی اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزیاں خطے کے امن و استحکام کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔

آخر میں وزیرِ خارجہ نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارتی مظالم کا نوٹس لے اور کشمیری عوام کے مصائب کے خاتمے کے لیے عملی کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا جب تک کہ انہیں اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حقِ خودارادیت حاصل نہیں ہو جاتا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

سینیٹ اجلاس کا ایجنڈا جاری، 27ویں ترمیم میں مزید ترامیم کی منظوری ایجنڈے میں شامل

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ون ڈے سیریز کے 2 میچز کا شیڈول تبدیل

خواجہ آصف، عطا تارڑ اور محسن نقوی کا دورہ پاکستان جاری رکھنے کے فیصلے پر سری لنکن ٹیم سے اظہار تشکر

افغانستان کی جانب سے تجارتی بندش کی بات کسی نعمت سے کم نہیں، خواجہ آصف

افغانستان خود کش حملہ آوروں کے ذریعے ہی لانگ رینج حملے کرسکتا ہے، طلال چوہدری

ویڈیو

بلاول بھٹو کی قومی اسمبلی میں گھن گرج، کس کے لیے کیا پیغام تھا؟

27 ویں ترمیم پر ووٹنگ کا حصہ نہیں بنیں گے، بیرسٹر گوہر

قومی اسمبلی نے 27ویں آئینی ترمیم کی دو تہائی اکثریت سے منظوری دے دی

کالم / تجزیہ

کیا عدلیہ کو بھی تاحیات استثنی حاصل ہے؟

تبدیل ہوتا سیکیورٹی ڈومین آئینی ترمیم کی وجہ؟

آنے والے زمانوں کے قائد ملت اسلامیہ