پیر کی شام بلوچستان کے ضلع کچھی میں نامعلوم مسلح افراد نے سرکاری عمارتوں پر حملہ کر دیا، فائرنگ کے تبادلے میں ایک پولیس اہلکار شہید جبکہ ایک حملہ آور مارا گیا۔
پولیس کے مطابق، کچھی کے علاقے بھاگ ناڑی میں درجنوں مسلح افراد نے سرکاری بینک، نادرا آفس، پولیس اور لیویز تھانوں پر بھاری اسلحے سے حملہ کیا۔
اس دوران شرپسندوں نے نادرا آفس اور لیویز تھانے کو نذرِ آتش کر دیا، جس کے نتیجے میں دفتر میں موجود ریکارڈ جل گیا۔
یہ بھی پڑھیں: بلوچستان: لیویز اور پولیس تھانوں پر دہشتگردوں کا حملہ، ایک اہلکار شہید، 2 زخمی
واقعے کی اطلاع ملتے ہی سیکیورٹی فورسز اور پولیس جائے وقوعہ پر پہنچیں، جہاں مسلح افراد اور سیکیورٹی فورسز کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
فائرنگ کے نتیجے میں ایس ایچ او انسپکٹر لطیف کھوسہ شہید ہوگئے، فائرنگ سے ایک کانسٹیبل بھی زخمی ہوا، جبکہ سیکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں ایک حملہ آور ہلاک ہوگیا۔
پولیس کے مطابق، فائرنگ کا تبادلہ کئی منٹ تک جاری رہا، تاہم سیکیورٹی فورسز کی بھرپور کارروائی کے نتیجے میں حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
مزید پڑھیں: بلوچستان: تحصیل زہری پر مسلح افراد کا حملہ، سرکاری عمارتیں جلا دیں، ریکارڈ بھی قبضے میں لے لیا
مقامی افراد کے مطابق، حملہ آوروں کی تعداد 30 سے 40 کے درمیان تھی، جو گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں پر سوار اور جدید اسلحے سے لیس تھے۔
واقعے کی ذمہ داری تاحال کسی تنظیم نے قبول نہیں کی ہے۔
اس سے قبل آج صبح ڈی سی کیچ کی گاڑی کے قریب ریموٹ کنٹرول ڈیوائس سے دھماکا کیا گیا تھا، جس میں تاہم ڈپٹی کمشنر محفوظ رہے۔














