وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ضلع کچھی کے علاقے بھاگ میں دہشتگردوں کے خلاف بروقت اور جرات مندانہ کارروائی پر پولیس اور سیکیورٹی فورسز کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
وزیر اعلیٰ نے شہید ایس ایچ او لطف علی کھوسہ کی بہادری، فرض شناسی اور قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی شہادت کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے زخمی پولیس اہلکار محمد اعظم کی جلد صحت یابی کے لیے دعا اور نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔
یہ بھی پڑھیے: کچھی: مسلح افراد کا سرکاری عمارتوں اور تھانوں پر حملہ، پولیس اہلکار شہید
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے اپنی جانوں کی قربانیاں دے کر صوبے میں امن و استحکام کو یقینی بنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے بہادر جوان دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانے کے لیے ہر اول دستے کا کردار ادا کر رہے ہیں۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ دہشتگردوں کے خلاف کارروائیاں ریاستی رٹ، عوامی اعتماد اور امن کے عزم کا واضح ثبوت ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک یہ جنگ جاری رہے گی اور صوبے کے دشمنوں کو ان کے انجام تک پہنچایا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیے: بلوچستان کے ضلع کچھی میں آپریشن، فتنہ الہندوستان کے 2 دہشتگرد ہلاک
انہوں نے مزید کہا کہ شہدا کی قربانیاں قوم کا فخر ہیں، ان کے لواحقین کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے بلوچستان کے امن کے حقیقی معمار ہیں، ان کی بہادری تاریخ میں سنہری حروف سے لکھی جائے گی۔
پیر کی شام بلوچستان کے ضلع کچھی میں نامعلوم مسلح افراد نے سرکاری عمارتوں پر حملہ کر دیا، فائرنگ کے تبادلے میں ایک پولیس اہلکار شہید جبکہ ایک حملہ آور مارا گیا۔














