بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان جو 59 سال کی عمر میں بھی جوان اور مکمل فٹ نظر آتے ہیں۔ انہوں نے اپنے فٹ رہنے کے راز سے پردہ اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ وہ کوئی ڈائٹ نہیں کرتے بلکہ سادہ کھانے پسند کرتے ہیں۔ اور کئی سالوں سے وہ اپنی روزمرہ کی غذا میں بنیادی کھانے ہی لیتے ہیں کیونکہ یہ ان کی ڈسپلن شدہ طرز زندگی کا حصہ ہے۔
آر جے دیو نگنا سے بات کرتے ہوئے شاہ رخ خان نے کہا، ’میں فطری طور پر بہت سادہ کھانا پسند کرتا ہوں۔ میں دن میں دو وقت کھاتا ہوں: دوپہر اور رات کا کھانا۔ ان کے علاوہ میں کچھ نہیں کھاتا۔ مجھے پکوان پسند نہیں۔ میں گرلڈ چکن، بروکلی، اور کبھی کبھار تھوڑی دال کھاتا ہوں۔ یہ سب کچھ میں کئی سالوں سے روزانہ دہراتا ہوں‘۔
یہ بھی پڑھیں: وینیٹی وینز یا شاہی محلات؟ شاہ رخ خان اور رنویر سنگھ کی کروڑوں کی وینیٹی وین میں کیا خاص ہے؟
انہوں نے مزید کہا، ’میں ڈائٹ نہیں کرتا۔ یہ میری ذاتی پسند ہے کہ میں ہلکا اور صاف کھانا کھاؤں۔ اگر میں سفر میں ہوں یا دوستوں اور خاندان کے گھر کھانے پر ہوں، تو میں جو بھی پیش کیا جائے، وہ کھاتا ہوں چاہے بریانی ہو، روٹی، پراٹھا، گھی یا لسی‘۔
شاہ رخ نے اپنی نیند کے شیڈول کے بارے میں بھی بات کی اور کہا، ’میں صبح پانچ بجے سوتا ہوں۔ اگر شوٹنگ ہو تو نو یا دس بجے اٹھتا ہوں۔ اکثر رات دو بجے گھر آ کر نہانے اور ورزش کے بعد سوتا ہوں۔ یہ میرا طرز زندگی ہے‘۔
یہ بھی پڑھیں: ’آپ کمل ہاسن کے قدموں کی خاک بھی نہیں‘ بالی ووڈ کے للی پٹ شاہ رخ خان پر کیوں برسے؟
واضح رہے کہ شاہ رخ خان اب سدھارتھ آنند کی فلم کنگ میں نظر آئیں گے، جس میں سہانا خان، دیپیکا پڈوکون، رانی مکرجی اور ابھیشیک بچن بھی شامل ہیں۔














