راولپنڈی میں الیکٹرک بس سروس چلانے کی تیاری مکمل، کرائے بھی حیران کن

منگل 28 اکتوبر 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پنجاب حکومت نے راولپنڈی شہر میں جدید اور ماحول دوست الیکٹرک بس سروس شروع کرنے کی تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔

ابتدائی مرحلے میں 45 الیکٹرک بسیں 4 اہم روٹس پر چلائی جائیں گی، جن کا کرایہ صرف 20 روپے مقرر کیا گیا ہے،  ان بسوں سے روزانہ تقریباً 20 ہزار مسافروں کو سفری سہولت حاصل ہوگی۔

یہ بھی پڑھیے: پنجاب کے ہر شہر میں 20 روپے کرائے والی ایئر کنڈیشن بسیں دوڑتی نظر آئیں گی، مریم نواز

ذرائع کے مطابق الیکٹرک بسوں کی چارجنگ اسٹیشنز کی تعمیر میٹرو اسٹیشن اور اولڈ واران ڈپو میں جاری ہے تاکہ سروس کو بلاتعطل برقرار رکھا جا سکے۔ ابتدائی روٹس میں فی الحال صدر تا 26 نمبر چونگی، صدر تا اڈیالہ روڈ، راجہ بازار تا کرال چوک اور راجہ بازار تا ساون اڈا کو شامل کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق آئندہ ماہ تک ان روٹس پر الیکٹرک بسیں فعال ہو جائیں گی، جبکہ مکمل نیٹ ورک جس میں 10 روٹس شامل تھے اس کو فعال کرنے میں مزید چند ماہ لگیں گے۔

واضح رہے کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کے وژن کے تحت پنجاب بھر میں 1,500 الیکٹرک بسیں چلانے کا منصوبہ بنایا گیا ہے، میانوالی، لاہور، گجرانوالہ سمیت دیگر شہروں میں بھی الیکٹرک بس سروس کا افتتاح ہو چکا ہے۔

یہ بھی پڑھیے: ’ناقابل یقین! پنجاب میں ربڑ کے ٹائروں پر چلنے والی ٹرین آگئی‘

 الیکٹرک بس میں 80 مسافروں کے بیٹھنے اور کھڑے ہونے کی جگہ موجود ہوتی ہے جبکہ اس میں بیٹھنے کے لیے 30 نشستیں ہوتی ہیں، بس میں جی پی ایس ٹریکنگ، وائی فائی، یو ایس بی چارجنگ پورٹس، اینٹی سلِپ فلورنگ، نگرانی کے کیمرے، اور معذور افراد کے لیے خصوصی رَیمپس  نصب کیے گئے ہیں۔

پنجاب حکومت کے مطابق الیکٹرک بس اسٹاپس پر پانی کے کولرز، پنکھوں کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے تاکہ مسافروں کو زیادہ آرام دہ ماحول دیا جا سکے، بس میں سفر کرنے والے عام شہریوں کے لیے کرایہ 20 روپے فی سفر رکھا گیا ہے جبکہ طلبا، بزرگ شہری اور خصوصی افراد اس بس میں مفت سفر کر سکیں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp