وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ پاک فوج کی بہادری اور حکمت عملی کی بدولت وانا حملے میں ملوث تمام دہشت گرد ہلاک ہوئے اور کسی بھی شہری یا فوجی کو جانی نقصان نہیں پہنچا۔
پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے اس آپریشن کو دہشت گردوں کے منصوبوں کی ناکامی قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ کارروائی ملک کی سلامتی اور عوام کے تحفظ کے لیے نہایت اہم تھی۔
یہ بھی پڑھیں: فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کیڈٹ کالج وانا پر دہشتگردوں کے حملے کے بعد کیا ہدایات دی تھیں؟
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ دہشت گرد ایک مرتبہ پھر آرمی پبلک اسکول پشاور کی طرح تاریخ دہرانے کا منصوبہ بنا رہے تھے، لیکن اللہ نے کرم کیا اور ہماری بہادر افواج نے اس منصوبے کو ناکام بنادیا۔
انہوں نے عوام سے افواج کی کامیابی کے لیے دعا کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کی لعنت کو پاکستان سے مکمل طور پر ختم کرنا وقت کی سب سے بڑی ضرورت ہے۔
وزیر دفاع نے واضح کیا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری ہے اور افواج اپنے عزم اور حکمت عملی کے ساتھ ملک کی حفاظت میں مصروف ہیں۔
مزید پڑھیں:جسٹس منیر سے گڈ ٹو سی یو تک ججز کا ضمیر نہیں جاگا، ہمیں فرشتے بننے کا کہتے ہیں، خواجہ آصف
واضح رہے کہ گزشتہ روز کیڈٹ کالج وانا میں خود کش حملہ ناکام بناتے ہوئے سیکیورٹی فورسز نے 2 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا تھا۔
کالج کی عمارت میں موجود 3 دہشتگردوں کو محصور کرکے ان کے خلاف آپریشن جاری رکھا تھا۔
کیڈٹ کالج کے طلبا کے مطابق فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کا حملہ پسپا کرتے ہوئے سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی میں تمام دہشتگردوں کو ہلاک کردیا تھا۔













