کراچی میں بلاول ہاؤس کے قریب سیف سٹی کیمروں کا ایک اہم ڈسٹری بیوشن باکس چوری ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔
مذکورہ ڈسٹری بیوشن باکس 6 نومبر کو غائب ہوا تاہم ایک ہفتہ گزر جانے کے باوجود پولیس تاحال اس منفرد چوری کا سراغ نہیں لگا سکی۔
ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا کے مطابق ڈسٹری بیوشن باکس سیف سٹی کیمروں کو بہتر سروس فراہم کرنے میں مدد کرتا ہے اور اس کی تنصیب علاقے کی نگرانی کے لیے نہایت اہم تھی۔
Safe City Breach: Distribution Box Stolen Near Bilawal House https://t.co/OC9bzTOSeQ#karachi #SafeCity #BilawalHouse #securityfail #surveillancetheft #PublicSafety #AICamera #cybersecurity #onlineindusnews pic.twitter.com/Wr9SKmIomR
— Online Indus (@onlineindus) November 13, 2025
انہوں نے بتایا کہ باکس کافی اونچا اور وزنی ہے، اسے چوری کرنا آسان عمل نہیں، اس لیے واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کی جارہی ہے تاکہ یہ پتا چل سکے کہ باکس کیسے غائب ہوا۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی: سیف سٹی پراجیکٹ کے تحت مفرور ملزم کی پہلی گرفتاری
اسد رضا کے مطابق عینی شاہدین نے بتایا ہے کہ ایک گاڑی کی مدد سے باکس پر کام ہوتا دکھائی دیا تھا، جس سے شبہ ہوتا ہے کہ چوری کی کارروائی کسی منصوبہ بندی کے تحت کی گئی۔
ڈی جی سیف سٹی پروجیکٹ آصف اعجاز شیخ نے تصدیق کی ہے کہ ڈسٹری بیوشن باکس میں لاکھوں روپے مالیت کا سامان نصب تھا۔
ان کے مطابق باکس چوری ہونے کے بعد متعلقہ سیف سٹی کیمرے عارضی طور پر اتار لیے گئے ہیں۔
مزید پڑھیں: سیف سٹی اسلام آباد شہریوں کو سی سی ٹی وی اینڈ نیٹ ورک ٹیکنیشن کورس کروائے گا
ذرائع کے مطابق حیران کن طور پر سیف سٹی کیمروں اور ان سے منسلک آلات میں کوئی سیکیورٹی یا الارم سسٹم موجود نہیں، جس سے قیمتی سامان کے تحفظ پر سوالات اٹھ رہے ہیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے سے متعلق تحقیقات جاری ہیں اور ذمے داروں کو جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔













